0
Wednesday 15 May 2024 01:00

پراپرٹی لیکس، محسن نقوی، بلاول بھٹو، شرجیل میمن، شیر افضل اور فیصل واوڈا کا ردعمل آ گیا

پراپرٹی لیکس، محسن نقوی، بلاول بھٹو، شرجیل میمن، شیر افضل اور فیصل واوڈا کا ردعمل آ گیا
اسلام ٹائمز۔ دبئی میں پراپرٹی کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی، بلاول بھٹو زرداری، شرجیل انعام میمن، فیصل واوڈا اور پی ٹی آئی راہنما شیر افضل مروت کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کے ملکی و غیر ملکی اثاثے الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں ڈکلیئر ہیں، دونوں نے جلاوطنی میں پرورش پائی۔

ذوالفقار علی بدر نے مزید کہا ہے کہ دبئی میں شہید بینظیر بھٹو کے ہمراہ جلا وطنی کے دوران ان کے بچے مذکورہ املاک میں رہائش پذیر تھے، بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد دبئی میں املاک ان کی اولاد کو وراثت میں ملی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کی دبئی میں املاک کی تفصیلات پہلے سے ہی پبلک ہیں، موجودہ خبر میں کچھ نیا نہیں نہ غیر قانونی ہے، بدنیتی پر مبنی کسی بھی کارروائی کو متعلقہ فورمز پر چیلنج کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے پراپرٹی لیکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اہلیہ کے نام دبئی میں خریدی جائیداد باقاعدہ ڈکلیئر ہے۔ جائیداد کو ٹیکس گوشواروں میں بھی ظاہر کیا، ایک برس قبل جائیداد کو فروخت کر کے اس رقم سے چند ہفتے قبل ایک اور پراپرٹی خریدی ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دبئی میں جن جائیدادوں کا تذکرہ کیا جا رہا وہ پہلے ہی ڈکلیئرڈ اور عوام کے علم میں ہیں۔ جائیدادیں الیکشن کمیشن اور متعلقہ ٹیکس اتھارٹیز میں ڈکلیئرڈ ہیں، ہم ہر سال اثاثوں اور جائیداد کی ڈکلیئریشن میں یہ تفصیلات جمع کرواتے ہیں۔

تحریک انصاف کے راہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ دبئی میں ایک اپارٹمنٹ کا مالک ہوں، اپارٹمنٹ ایف بی آر، الیکشن کمیشن میں 6 سالوں سے رجسٹرڈ اور ڈکلیئر ہے۔ ایف بی آر سے بھی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ میں نے 2018ء کے نامزدگی فارموں میں بھی اس کا اعلان کیا تھا۔ سابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سینیٹر فیصل واوڈا نے اپنے موقف میں کہا کہ دبئی میں میری پراپرٹی ڈکلیئرڈ ہے۔ جب بھی اچھی گاڑی یا پراپرٹی کا ذکر ہوگا تو میرا نام سب سے اوپر آئے گا۔ پراپرٹی لیکس کی ٹائمنگ پر اعتراض ہے۔
خبر کا کوڈ : 1135122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش