0
Wednesday 15 May 2024 08:37

اقوام متحدہ مختلف بھارتی جیلوں میں بند کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار کا نوٹس لے، فاروق رحمانی

اقوام متحدہ مختلف بھارتی جیلوں میں بند کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار کا نوٹس لے، فاروق رحمانی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں اور قانون دانوں کے نام ایک مراسلے میں کشمیری سیاسی نظربندوں اور زیر سماعت قیدیوں کی حالت زار کو اجاگر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فاروق رحمانی نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ کشمیری نظربندوں کو کئی دہائیوں سے بھارتی حکومت کی انتقامی پالیسیوں کی وجہ سے ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قیدیوں کو علاج و معالجے سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے انہیں صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے خوفناک اور گھنائونا پہلو یہ ہے کہ بھارت نے کالے قوانین کے ذریعے جموں و کشمیر کو پابندیوں کے شکنجے میں کس کر الگ تھلگ کر دیا ہے اور کسی بھی آزاد فیکٹ فائنڈنگ مشن کو مقبوضہ ریاست اور اس کی جیلوں یا تفتیشی مراکز کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

حریت رہنما نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت اور جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں بند سیاسی قیدیوں کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے اور ان کی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قیدیوں کے والدین یا سرپرست پہلے ہی ایک دوسرے کو دیکھے بغیر دارفانی سے کوچ کر چکے ہیں۔ محمد فاروق رحمانی نے کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے کردار ادا کرنے پر ہزاروں معلوم اور نامعلوم سیاسی نظربندوں، زیرِ سماعت قیدیوں اور ان کے اہلخانہ کو خراج تحسین پیش کیا جن کو مختلف طریقوں سے مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مقدس مقصد کے لیے ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 1135152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش