0
Wednesday 15 May 2024 20:16

گدی نشین خواجہ معین الدین چشتی اجمیری پیر سید سرور قادری کے اعزاز میں عشائیہ

آستانے اہل بیت علیہ السّلام کے سفارت خانے ہیں، علامہ سید جواد نقوی کا تقریب سے خطاب
گدی نشین خواجہ معین الدین چشتی اجمیری پیر سید سرور قادری کے اعزاز میں عشائیہ
اسلام ٹائمز۔ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے گدی نشین پیر سید سرور چشتی کے دورہ پاکستان کے موقع پر جامعہ العروۃ الوثقیٰ کی جانب سے ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملک کے مختلف اضلاع سے گدی نشین حضرات نے شرکت کی۔ علامہ سید جواد نقوی نے علما کے ہمراہ جامعہ آمد پر سید سرور چشتی کا پرتپاک استقبال کیا۔ پیر عثمان فرید چشتی، پیر شمس الرحمن مشہدی، پیر غلام رسول اویسی، پیر سید عثمان نوری، پیر روال معین کوریجہ، پیر اختر رسول، پیر بابا اسلم حیدری، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ محمد اصغر صدیقی، علامہ اصغر عارف چشتی اور علامہ مخدوم محمد عاصم سمیت دیگر علمائے کرام، مشائخ عظام اور گدی نشین حضرات نے شرکت کی۔ پیر سید سرور چشتی اور علامہ جواد نقوی نے اس موقع پر شرکا سے گفتگو بھی کی۔

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ آستانے اہلبیت علیھم السلام  كے سفارت خانے ہیں جبكہ متولیان اہلبیت كے سفرا ہیں۔ جس آستانے كا سلسلہ علی ابن ابیطالب تك نہیں پہنچتا وہ ابتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی نے اپنا تمام اعتقاد، مذہب مسلك، تصوف اور طریقت انہی مصروں كے اندر پیش كر دیا۔ "دین است حسین دین پناہ است حسین"۔ انہوں نے ایک واضح خط کھینچ دیا کہ ہر دور میں بغور مشاہدہ کرو کہ كس كا ہاتھ یزید كے ہاتھ میں ہے اور کس کی گردن یزید كے سامنے جھكی ہوئی ہے۔ جو بھی ایسا ہو وہ دھوکے باز ایک جعلی تاجر تو ہو سکتا ہے لیکن اسکا دین اور رب تعالیٰ سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چشتی صاحب نے غزہ کو آج کی کربلا کہا ہے اور یہ حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا غزہ و فلسطین نے بہت سوں كے نقاب الٹ دیئے ہیں، جو دین كے ٹھیكیدار بنے ہوئے ہیں لیكن اج وہی دعویدار کہیں اور کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ ہو سكتا ہے جو خواجہ نے بیان كر دیا تھا كہ كربلا نے متعین كرنا ہے جو آج كی كربلا میں حسینی خط پر ہے وہ حق پر ہے، اور جو کربلا سے دور ہے وہ باطل پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آستانے عوامی مراكز ہیں جن کی ماموریت فقط جذبات کی تسکین نہیں بلکہ زندگی كا مكمل منشور دینا اور حسینت کا مکمل ابلاغ ہے تاکہ وہ آستانے سے جا کر اپنی نجات کیلئے کسی سیاسی دھوکے باز کو نہ دیکھے اور اس بدولت امت اس رسوائی سے باہر آئے جو اس کے دامن گیر ہو چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1135267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش