0
Wednesday 15 May 2024 21:30
فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اور اسرائیل کا قیام ناجائز ہے، مقررین

یوم نکبہ پر جامعہ کراچی میں فلسطینیوں کی حمایت میں عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد

یوم نکبہ پر جامعہ کراچی میں فلسطینیوں کی حمایت میں عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کے فلسطین واپسی کے حق کی حمایت کرتے ہیں، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اور اسرائیل کا قیام ناجائز ہے، امریکا، برطانیہ اور فرانس سمیت یورپی ممالک نے فلسطین کی زمین پر صیہونیوں کیلئے ایک غاصب اور ناجائز ریاست اسرائیل کو قائم کرکے دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی انجام دی ہے، مسلم امہ کے حکمران غزہ میں جاری نسل کشی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، ہم مظلوم فلسطینیوں کی ہر ممکنہ مدد جاری رکھیں گے، یہی قائداعظم محمد علی جناحؒ کا نظریہ ہے، ان خیالات کا اظہار جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، ڈین اسلامک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، انجمن اساتذہ کے ڈاکٹر شاہ علی القدر، ڈاکٹر فیضان نقوی، ڈاکٹر معروف بن رؤف، ڈاکٹر غفران عالم، ڈاکٹر ذیشان اقبال، سپلا کے صدر منور عباس اور ڈاکٹر ثمر سلطانہ سمیت آفیسر ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر حسن اوج اور دیگر نے جامعہ کراچی میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ذیلی ادارے فلسطین اکیڈمک فورم اور انجمن اساتذہ سمیت سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرر ایسوسی ایشن اور طلباء و طالبات و ملازمین جامعہ کراچی کے اشتراک سے یوم نکبہ کی مناسبت سے نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احتجاجی ریلی میں اساتذہ سمیت طلباء و طالبات اور غیر تدریسی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطین فلسطینیوں کا وطن، مردہ باد امریکا، اسرائیل نامنظور، غزہ میں جارحیت بند کرو، امریکی اساتذہ اور طلباء کو رہا کرو سمیت فلسطینیوں کے حق واپسی سے متعلق نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مفتی مرتضیٰ رحمانی، ظفر اقبال، ڈاکٹر شبنم ناصر، ڈاکٹر انتخاب الفت، ڈاکٹر ریاض، ڈاکٹر نعیم، ڈاکٹر معیز، ڈاکٹر ندا، ڈاکٹر انیلہ کوثر، ڈاکٹر کامران خان، ڈاکٹر جواد، ڈاکٹر حنا خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ غزہ پر جاری جارحیت کا ذمہ دار امریکا ہے، ہم غزہ پر جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں، فلسطینی عوام کی نسل کشی میں امریکی حکومت ذمہ دار ہے، تاہم امریکی حکومت کو چاہئیے غزہ میں جارحیت کو بند کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطین کی حمایت کرنے والے اساتذہ اور طلباء کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جو کہ انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کے سفیر نے اقوام متحدہ میں چارٹر کو پھاڑ کر پوری دنیا کی توہین کی ہے، لیکن عالمی ادارے اسرائیل کے خلاف کوئی اقدام کرنے سے قاصر ہیں۔

مقررین نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی سرزمین پر قائم کی جانے والی ایک غاصب اور ناجائز صیہونی ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم فلسطینی مزاحمت کی تحریکوں بشمول حماس، جہاد اسلامی، حزب اللہ اور انصار اللہ سمیت عراقی مزاحمت کی حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پر شرکائے ریلی نے فلسطین کی آزادی اور غاصب صیہونی حکومت کے تسلط کے خلاف نعرے لگائے۔ واضح رہے کہ 14 مئی سنہ 1948ء کو فلسطین کی سرزمین مقدس پر غاصب صیہونیوں کیلئے ایک ناجائز ریاست اسرائیل کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، جبکہ 15 مئی سنہ 1948ء کو پندرہ لاکھ فلسطینیوں کو اپنے ہی وطن سے جلا وطن کیا گیا تھا اور قتل عام کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1135292
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش