0
Thursday 16 May 2024 20:44

چمن اور گوادر کے عوام کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے، علامہ مقصود ڈومکی

چمن اور گوادر کے عوام کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے چمن اور گوادر کے عوام کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔ چمن کے عوام گزشتہ آٹھ مہینے سے دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، اور اسرائیل اور نتن یاہو کے جنگی جرائم کو انسان دشمنی سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ میں تحریک تحفظ آئین پاکستان صوبہ بلوچستان کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں شرکاء نے ملکی سیاسی صورتحال اور بلوچستان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے جدوجہد کے ذریعے بے حس حکمرانوں سے اپنے مطالبات منوا لئے۔ اپنے ہی عوام پر ہتھیار اٹھانے والے بزدل ہوتے ہیں۔ چمن کے عوام گذشتہ 8 ماہ سے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں، لہٰذا چمن اور گوادر کے عوام کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی ظلم و بربریت پر پوری دنیا کے انسان غمزدہ اور سراپا احتجاج ہیں۔ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، اور اسرائیل اور نتن یاہو کے جنگی جرائم کو انسان دشمنی سمجھتے ہیں۔ اجلاس سے بی این پی رہنماء میر غلام نبی مری، بی ایس او کے سابقہ چیئرمین عبدالواحد بلوچ، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر أفغان، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی اور پاکستان تحریک انصاف کوئٹہ کے صدر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر غلام نبی مری نے کہا کہ مسنگ پرسنز کے ساتھ غیر آئینی اور غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔ ہم نے کبھی کسی غیر قانونی کام کی حمایت نہیں کی، مگر ریاستی ادارے خود غیر قانونی اور غیر آئینی کام کرکے لاقانونیت کو ہوا دے رہے ہیں۔ اجلاس میں چمن دھرنے کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ چمن کے عوام کے مطالبات تسلیم کرے۔ اجلاس نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور تمام بے گناہ سیاسی قیدیوں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 1135541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش