0
Wednesday 5 Jun 2024 21:22

خانہ فرہنگ ایران کراچی کے تحت برسی امام خمینیؒ پر کانفرنس، سابق صدر پاکستان ڈاکٹر علوی کی شرکت

خانہ فرہنگ ایران کراچی کے تحت برسی امام خمینیؒ پر کانفرنس، سابق صدر پاکستان ڈاکٹر علوی کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) کی 35ویں برسی، ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے خانہ فرہنگ ایران کے زیر اہتمام بھوجانی ہال سولجر بازار کراچی میں کانفرنس "امام خمینیؒ اور مسئلہ فلسطین‘‘ کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ کانفرنس سے شہید ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے ہم کلاس دوست آیت اللہ احمد نحوی، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر سعید طالبی نیا، ماہر بین الاقوامی امور ڈاکٹر ہما بقائی، مرکزی صدر آل پاکستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن ڈاکٹر منور عباس، مولانا سید رضی جعفر نقوی اور مولانا اصغر حسین شہیدی نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں علماء کرام، مذہبی، سیاسی و سماجی رہنما، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، خواتین سمیت کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر معروف منقبت و نوحہ خواں احمد رضا ناصری نے حضرت امام خمینیؒ کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس میں نظامت کے فرائض آغا شیرازی نے انجام دیئے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کیلئے جذبہ ایمانی کے حامل تھے، سید ابراہیم رئیسی سے گفتگو میں بات ہوئی کہ دنیا کو اسلامی نشاۃ ثانیہ کی ضرورت ہے، اس حوالے سے سید رئیسی بھی اتفاق کرتے تھے کہ دنیا کو ایک حیات نو کی ضرورت ہو، جس میں اسلامی و انسانی اقدار کا بول بالا ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب غزہ سے انسانی قتال، بچوں کو مارنے، انکے اپاہج ہونے کی تصاویر آئیں، میں روتا تھا، وہ تصاویر دیکھیں نہیں جاتیں، لیکن مجال ہے کہ مغربی حکومتوں پر انکا اثر ہو۔ سابق صدر مملکت نے نے کہا کہ دنیا کا میڈیا یرغمال ہے، نیویارک ٹائمز آپ دیکھیں تو لگتا ہے کہ غزہ میں کچھ ہوا ہی نہیں، صرف یوکرین میں ہی بچے مر رہے ہیں، سچائی کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا کے ذریعے سب تک سچائی پہنچ جاتی ہے۔ 

آیت اللہ احمد نحوی نے خطاب میں کہا کہ شہید سید ابراہیم رئیسی تقویٰ و اخلاص و حلم کی چوٹی پر پہنچے ہوئے شخص تھے، آپ ولایت مدار شخص تھے، شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے انقلاب اسلامی کیلئے خود کو فدا کر دیا، اپنے خون سے انقلاب کو سیراب کر دیا، آپ امید امت تھے لیکن آپ کے خون کی وجہ سے اسلام کو اور برکتیں نصیب ہونگی۔ ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران کی اصل طاقت نہ ایٹمی قوت ہے نہ تیل و گیس، بلکہ اصل طاقت عوام کا ایران کے ساتھ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے صہیونی اسرائیل سن لو، تمہارے مٹنے کا دن بہت زیادہ نزدیک ہے، غزہ فلسطین کے معصوم بچوں، خواتین و مردوں کا جو خون تم نے بہایا ہے، وہ پاکیزہ خون تمہیں جلد لے ڈوبے گا۔

ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران افتخار کے ساتھ اسرائیل سے لڑنے والے تمام فلسطینی مزاحمتی گروہوں، چاہے وہ سنی ہوں یا شیعہ، زیدی ہوں یا جعفری، فلسطین میں ہوں یا باہر، یمن، لبنان، شام، عراق، ہر جگہ ہر اسرائیل مخالف گروہ کی حمایت کرتا تھا، کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سلام و درود ہو حضرت امام خمینیؒ پر، جنہوں نے اسلام کو زندہ کیا، جنہوں نے قدس کو زندہ کیا، جنہوں نے لوگوں کو شعور دیا کہ وہ قدس پر ظلم ڈھانے والوں کے خلاف قیام کریں۔ ڈاکٹر ہما بقائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات کے تناظر میں صدر ابراہیم رئیسی نے ایران کی سفارتی تنہائی اور معاشی مشکلات میں بہت کمی لائے، صدر رئیسی کی قیادت میں چین، روس، افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوا، اس سے کسی حد تک ایران کے معاشی مسائل میں کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ اکیلے ظلم کے مقابلے میں کھڑے ہونا بہت مشکل کام ہوتا ہے، ایران یہ کام بہت عرصے اکیلے کیا اور آج ایران کے مؤقف کے ساتھ مغربی دنیا میں بھی بہت سارے ممالک جڑ رہے ہیں۔

ڈاکٹر ہما بقائی نے کہا کہ جو فلسطین کے ساتھ ہوا، ایران کی جانب سے اسرائیل سے متعلق بہت پہلے سے بات کی جا رہی ہے، آج مغربی ممالک بھی فلسطین کو آزاد ریاست کا درجہ دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں نہ گھسیٹے جانا، جنگ کو اپنی سرزمین سے دور رکھنا، یہی وہ کانٹا ہے جو مغربی دنیا کو چھبتا ہے، کیونکہ ایران نے ایسا جنگی نیٹ ورک تیار کیا ہے، جو جنگ کو ایرانی سرزمین سے دور رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس نے خون دیکر فلسطین کے ایشو کو دوبارہ زندہ کر دیا، جو ابراہیمی معاہدے کے بعد دفن ہوگیا تھا، آج امریکی و مغربی جامعات، اسرائیل کے اندر فلسطین کی حمایت اور اسرائیل سے نفرت کا جذبہ ہے، یہ اللہ کے ہی حکم سے ہے۔ دیگر مقررین نے بھی حضرت امام خمینیؒ، ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی شخصیت کے مختلف زاویوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مسئلہ فلسطین و عالم اسلام کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہا۔ کانفرنس میں گروہ سرود صبح ظہور نے تواشیح پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 1139847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش