0
Friday 7 Jun 2024 16:00

 فوجی آمریتوں اور نااہل سیاسی جمہوری حکمرانوں نے جمہوریت، پارلیمانی اور آئینی بنیادوں کو مسخ کردیا، لیاقت بلوچ 

 فوجی آمریتوں اور نااہل سیاسی جمہوری حکمرانوں نے جمہوریت، پارلیمانی اور آئینی بنیادوں کو مسخ کردیا، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ اور لاہور رابطہ دفتر میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ اور حکومت کی باہم محاذ آرائی میں بظاہر نقصان جس کا بھی ہوگا لیکن اصل نقصان ملک و قوم کا ہو رہا ہے۔ فوجی آمریتوں اور نااہل سیاسی جمہوری حکمرانوں نے جمہوریت، پارلیمانی اور آئینی بنیادوں کو مسخ کردیا ہے۔ 1973 کے دستور کی پاسداری پر سیاستدان، حکومت، عدلیہ، سِول بیوروکریسی اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ دِل و جان سے آمادہ ہوجائیں تو پاکستان ہر قسم کے بحرانوں سے نکل آئے گا۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب بلدیاتی انتخابات اور بلدیاتی اداروں سے محروم ہے۔ اسلام آباد کے بلدیاتی حقوق عوام سے چھین لیے گئے۔ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام کو بے اختیار بناکر صوبائی حکومتوں کی مداخلت اور بلدیاتی اداروں کے اختیارات کو سلب کرکے عملا پورا نظام مفلوج کردیا گیا ہے۔ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد بلدیات کے نظام کا مکمل اختیار صوبائی حکومتوں کے پاس منتقل ہوچکا ہے۔ 

لیاقت بلوچ نے جے آئی یوتھ کے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ریاست اور معاشرے کے تعلقات کو مفاد پرست حکمرانوں اور ''تقسیم کرو، حکمرانی کرو'' کی طاقت رکھنے والوں نے کمزور ترین سطح پر لاکھڑا کیا ہے۔ ٹیکنالوجی کے جدید دور اور سماجی رابطوں کے تیز ترین ذرائع کی فراوانی نے نوجوانوں کو ماضی سے نکال کر ایک الگ بڑے مقام پر پہنچادیا ہے۔ پاکستان کا نوجوان پاکستان سے بے پناہ محبت رکھتا ہے۔ ہمارا نوجوان بڑی صلاحیتوں کا مالک ہے۔ مقتدر اور حکمران طبقات کو ماضی کی غلطیوں کو تسلیم کرنا ہوگا اور الزام تراشیوں کی بجائے تعمیرِ نو کے جذبہ سے آگے بڑھنا ہوگا۔ اعتماد کی بحالی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے کہ 2024 انتخابات کے حقیقی نتائج کو تسلیم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1140220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش