0
Friday 7 Jun 2024 20:29

کامیابی سے پُرجوش انجینئر رشید ضمانت کیلئے دہلی عدالت کا رخ کرینگے

کامیابی سے پُرجوش انجینئر رشید ضمانت کیلئے دہلی عدالت کا رخ کرینگے
اسلام ٹائمز۔ دہلی کے تہاڑ جیل میں بند سابق ایم ایل اے عبد الرشید شیخ عرف انجینئر رشید، رکن پارلیمنٹ کے عہدے کا حلف لینے کے لئے عبوری ضمانت کے لئے دہلی پٹیالہ ہاؤس کورٹ کا رخ کر رہے ہیں۔ انجینئر رشید نے 2013ء میں ’’عوامی اتحاد پارٹی‘‘ (اے آئی پی) کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے بارہمولہ پارلیمانی سیٹ کے انتخابات میں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کو 2 لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔ کالج میں زیر تعلیم انجینئر رشید کے فرزنداں نے اپنے والد کے لیے مہم چلائی۔ انجینئر رشید نے شمالی کشمیر کی بارہمولہ نشست سے الیکشن میں حصہ لیا اور 472481 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کے حریف عمر عبداللہ نے اپنے درجنوں سینیئر لیڈروں اور کارکنوں کے ہمراہ پوری شدت اور وقت کے ساتھ ’’ہائی وولٹیج انتخابی / تشہیری مہم‘‘ چلانے کے باوجود 268339 ووٹ حاصل کئے۔

اے آئی پی کے ترجمان فردوس بابا نے بتایا کہ انجینئر رشید کے وکیل حلف لینے سے پہلے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آج ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن دہلی کی عدالتیں تعطیلات کی وجہ سے بند ہیں۔ اگلے ہفتے تک ہم درخواست دائر کردیں گے کیونکہ فوری معاملات کے لئے چھٹیوں کے دوران عدالت ایک یا دو دن کے لئے کھلتی ہے۔ شمالی کشمیر کی لنگیٹ اسمبلی نشست سے دو بار ایم ایل اے منتخب ہوئے انجینئر رشید گزشتہ پانچ برسوں سے تہاڑ جیل میں بند ہے۔ ان پر نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے منی لانڈرنگ اور عسکریت پسندی کی مالی اعانت کا الزام عائد کیا ہے اور ان پر یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انجینئر رشید کو دفعہ 370 کی منسوخی سے قبل اگست 2019ء میں این آئی اے نے طلب کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ ان کے دونوں بیٹوں اور والدین نے پارلیمانی انتخابات میں ان کی حیران کن جیت کے بعد ان کی جیل سے رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1140245
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش