0
Friday 7 Jun 2024 22:07

ایران آزادی کی تحریکوں کا رہنماء ہے، شیخ نعیم قاسم

ایران آزادی کی تحریکوں کا رہنماء ہے، شیخ نعیم قاسم
اسلام ٹائمز۔ لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب‌ الله" کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل "شیخ نعیم قاسم" نے کہا کہ ایران دنیا میں آزادی اور مقاومتی تحریکوں کا روح رواں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار امام خمینی رہ کی برسی کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ برسی کی یہ تقریب بیروت میں ایرانی سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ صیہونی رژیم کی حمایت کرنے والے ون ورلڈ آرڈر سے مقابلے کی ذمے داری بھی ایران ہی کے کندھوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے انتخابات اور بین الاقوامی منظر نامے میں دنیا کی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہے وگرنہ امریکہ کو غزہ کے خلاف اسرائیل کی جنگ کے اختتام سے کوئی دلچسپی نہیں۔ شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ مظلوم فلسطینی بہت ثابت قدم ہیں اور وہ ابھی تک قتل و غارت گری کی صیہونی مشین کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔
 
حزب‌ الله کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ لبنانی محاذ پر دشمن کا مقابلہ ہماری دفاعی اسٹریٹجی کے عین مطابق ہے۔ ہم جنگ کا پھیلاو نہیں چاہتے لیکن اگر اسرائیل لبنان پر حملہ کرتا ہے تو ہم اس کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر لبنانی محاذ کو ٹھنڈا کرنا چاہتے ہیں تو غزہ سے جنگ ختم کی جائے۔ یاد رہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور غارت گری کو روکنے کے لئے گزشتہ کئی مہینوں سے حزب‌ الله نے اپنی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ ان کارروائیوں میں مقبوضہ شمالی سرزمین میں مسلسل صیہونی عسکری اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے سرحدی علاقوں میں زندگی گزارنے والے صیہونی خوف کا شکار ہیں۔ اب تک ہزاروں غاصب صیہونی اسی خوف کی وجہ سے لبنانی کے ساتھ واقع سرحد سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1140299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش