0
Saturday 8 Jun 2024 13:04

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے وفد کی پشاور ہائیکورٹ بار کے نومنتخب صدر کو مبارکباد

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے وفد کی پشاور ہائیکورٹ بار کے نومنتخب صدر کو مبارکباد
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبد الواسع کی قیادت میں وفد نے پشاور ہائی کورٹ بار کا دورہ کیا اور بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر فدا گل کو مبارک باد دی۔ وفد میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر و سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان، اسلامک لائرز موومنٹ پاکستان کے صدر جسٹس (ر) غلام محئی الدین ملک ایڈووکیٹ، صوبائی صدر ارباب محمد عثمان خان ایڈووکیٹ، فقیر اللہ اعوان ایڈووکیٹ اور محمد فاروق ملک ایڈووکیٹ شامل تھے۔ عبدالواسع کی قیادت میں وفد نے نومنتخب صدر اور ان کی کابینہ کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر فدا گل اور ان کی کابینہ وکلا برادری کے مسائل کے حل و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔وفد نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران کی زیرِ قیادت وکلا برادری ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

عبدالواسع نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جمہوری جماعت ہے اور ملک میں آئین و پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری استحکام کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ عدلیہ بحالی کی تحریک میں جماعت اسلامی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور پرویز مشرف کے کالے اور جمہوریت مخالف قوانین کے خلاف بھرپور مزاحمت کی تھی۔ جماعت اسلامی آج بھی ملک میں جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کے آزادانہ فیصلوں اور کردار کی حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ فدا گل اور ان کی کابینہ قانون کی حکمرانی، جمہوریت کی بالادستی، مظلوم عوام کی دادرسی اور بار اور بینچ کے تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1140427
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش