0
Saturday 8 Jun 2024 20:35

میئر کراچی کی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے سدباب سے متعلق ہدایت

میئر کراچی کی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے سدباب سے متعلق ہدایت
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے فوری سدباب کی مربوط حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت محکمہ اسٹیٹ، محکمہ لینڈ، محکمہ انسداد تجاوزات اور محکمہ کونسل کا اہم اجلاس ہوا، جس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، ایس ایس پی ساؤتھ، ایس ایس پی ایسٹ اور کے ایم سی کے متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ دوران اجلاس میئر کراچی نے کہا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی حدود میں تعمیر شروع کرنے والی عمارتوں پر نظر رکھی جائے تاکہ اس کے قانونی یا غیرقانونی ہونے کو پرکھا جاسکے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ غیرقانونی تعمیرات کا فوری سدباب کیا جائے، فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والے کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں خاص طور پر ضلع جنوبی اور ضلع شرقی میں واقع فٹ پاتھوں کو صاف کیا جائے، کراچی میں حب کنال سے اضافی پانی لانے کا منصوبہ منظور ہوگیا ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ تجاوزات سے شہر میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور ٹریفک حادثات ہوتے ہیں، کے ایم سی ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرے۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں، کھیل کے میدانوں، عبادت گاہوں کے سامنے یا اطراف میں تجاوزات ہرگز نہیں ہونی چاہئیں۔ بعض تجاوزات قائم کرنے والوں نے فٹ پاتھ پر کنٹینرز رکھ کر دکانیں بنائی ہوئی ہیں، انہیں ختم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1140477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش