0
Sunday 9 Jun 2024 09:52

اسلام آباد میں شاہ ہمدان کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد میں شاہ ہمدان کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ کشمیر ہائوس اسلام آباد میں شاہ ہمدان انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام شاہ ہمدان انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس کے مقررین نے تحریک اسلامی کے احیائے نو اور انسانی بھائی چارے کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات پر امیر کبیر میر سید علی ہمدانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس میں کشمیر، پاکستان اور برادر اسلامی ممالک کے سیاسی رہنمائوں، علمائے کرام اور دانشوروں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ وسطی ایشیا اور جموں و کشمیر پر ان کی خدمات اور تعلیمات کے گہرے اثرات آج بھی موجود ہیں، جہاں تحریک اسلامی، ثقافت اور صنعت و حرفت ان کی خدمات کی مرہون منت ہے اس لئے انہیں بجاطور پر کشمیر کا محسن کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ امیر کبیر کا کشمیر جو مسلم تہذیب، امن اور ہم آہنگی کا گہوارہ تھا، بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور جارحیت کے باعث نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ مقررین نے مودی حکومت کی طرف سے امیر کبیر کی قائم کردہ خانقاہ کو ہندو مندر میں تبدیل کرنے کی سازش کی بھی مذمت کی اور اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مسلم تشخص کا تحفظ کریں اور کشمیر میں جنگ و جدل کے ماحول کو ختم کریں۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ ریاستی دہشت گردی پر بھارت کا احتساب کیا جائے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔ مقررین نے غزہ سمیت فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں فلسطینی شہید اور غزہ کا علاقہ تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے اپنی سیاسی اور سفارتی کوششوں کو تیز کریں۔

کانفرنس کی صدارت جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے رہنما عبدالرشید ترابی نے کی جبکہ اس میں دیگر لوگوں کے علاوہ آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار یعقوب خان، آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر، مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق اسپیکر شاہ غلام قادر، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، شمیم شال، تاجکستان، ایران اور افغانستان کے سفارت کاروں، ٹرسٹ کے چیئرمین سید نصیر ہمدانی، ٹرسٹ کے چیف آرگنائزر قاضی شاہد، آئی آر ایس کے چیئرمین ڈاکٹر اقبال خلیل، انجینئر اظہر احمد اور انجینئر خالد نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1140584
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش