0
Sunday 9 Jun 2024 11:01

بھارتی مظالم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا, حریت کانفرنس

بھارتی مظالم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا, حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، غیر قانونی گرفتاریوں، جائیدادوں کی ضبطگی، کشمیری ملازمین کی برطرفی اور دیگر مظالم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا اور وہ جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں جائیدادوں کی ضبطگی اور کشمیری ملازمین کی برطرفی سمیت بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے چوٹہ بازار قتل عام کے شہداء کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ بھارتی فوجیوں نے 11جون 1991ء کو سرینگر کے علاقے چوٹہ بازار میں بے گناہ اور نہتے دکانداروں، راہگیروں، خواتین اور بچوں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے درجنوں بے گناہ شہریوں کو شہید کر دیا تھا۔

حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری شہداء کے مقدس مشن کو ہرصورت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔ انہوں نے سرینگر میں ایک غیر کشمیری ہندوتوا طالب علم کی طرف سے پیغمبر اسلام ۖکے خلاف توہین آمیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکتیں مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور اقوام متحدہ کو ایسے شرپسندوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے چاہیں تاکہ وہ آئندہ ایسے بیانات دینے کی جرات نہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت کی غیر قانونی اور فوجی کارروائی کے بعد کشمیریوں کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1140591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش