0
Sunday 9 Jun 2024 18:01

نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکنیکل ایجوکیشن دی جائے، پری بجٹ سیمینار

نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکنیکل ایجوکیشن دی جائے، پری بجٹ سیمینار
اسلام ٹائمز۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ایجوکیشن بجٹ سیمینار ”تعلیم سب کیلئے“ کے عنوان سے منعقد ہوا۔ سیمینار میں مقررین نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی بجٹ 5 فیصد کیا جائے۔ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکنیکل ایجوکیشن دی جائے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ ترقی کیلئے بچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف لانا ہو گا۔ تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، انہیں سکولوں میں لانا بڑا چیلنج ہے۔ نوجوانوں کو کوالٹی ایجوکیشن کی ضرورت ہے۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تعلیمی بجٹ میں اضافہ سے تعلیم کے شعبہ کی حالت بہتر ہو گی، اعلیٰ معیار کی تعلیم کیساتھ جدید تحقیق کو فروغ دینا ضروری ہے۔ سینئر تجزیہ کا اوریا مقبول جان نے کہا کہ ریاست مدینہ کی فکری بنیاد علم اور ویلفیئر پر تھی۔ قوموں کی زندگی میں خوشحالی، ترقی اور انقلاب صرف تعلیم کے ذریعے ہی آ سکتا ہے۔ آئین پاکستان ہر بچے کو مفت اور لازمی تعلیم کا حق دیتا ہے۔


صدر لاہور چمبر آف کامرس کاشف انور نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قائم کردہ تحریک منہاج القرآن کا سب سے زیادہ فوکس فروغ تعلیم و تربیت پر ہے۔ آج اس سیمینار میں تعلیم کی اہمیت کو بجٹ کے تناظر میں اجاگر کرنے پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے رہنماؤں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ 5 سے 16 سال کی عمر کے کروڑوں بچوں کو سکولوں میں لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنا ہو گا۔ جی ڈی پی کا 5 فیصد تعلیم پر خرچ کیا جائے۔ معروف ماہر معاشیات اسد اعجاز بٹ نے کہا کہ معیاری تعلیم کا حصول ہر طالبعلم کا حق بھی ہے اور دین اسلام کی اولین تعلیم بھی ہے۔ تعلیم سب کیلئے بہت ضروری ہے اور یہ حق سب کو ملنا چاہئیے۔

سیمینار سے فرخ شہباز وڑائچ، نوید نادر مگسی، رانا عثمان، حیدر ثقفی، سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ہائر ایجوکیشن سے جڑا ہوا ہے۔ سیمینار میں میاں انصر محمود، راشد حسین مصطفوی، احمد حسن جٹ، اسامہ مشتاق، عزیز عالم، فراز ہاشمی، محسن اقبال و دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1140634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش