0
Sunday 9 Jun 2024 18:26

2 سو سے زائد پاکستانی زائرین ایران سے واپسی پر ریمدان بارڈر پر پھنس گئے

2 سو سے زائد پاکستانی زائرین ایران سے واپسی پر ریمدان بارڈر پر پھنس گئے
اسلام ٹائمز۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے 2 سو سے زائد زائرین ایران سے واپسی پر ریمدان بارڈر پر پھنس گئے۔ رپورٹ کے مطابق گوادر سے متصل ایرانی صوبے سیستان بلوچستان کی رمدان سرحد پر پاکستانی حدود میں حکومت بلوچستان کے اقدامات کے خلاف احتجاج کے باعث شاہراہیں بند ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بارڈر پر 2 روز سے پھنسے زائرین میں بچے، خواتین اور معمر افراد بھی شامل ہیں، زائرین کو رہائش، کھانے پینے سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ زائرین کی جانب سے حکام بالا سے معاملے کا نوٹس لینے اور تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نوشکی میں ہلاکتوں کے بعد مسافروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اہم سڑکوں پر مزید چیک پوسٹس قائم کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث بلوچستان میں شاہراہیں بند کردی تھیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے لیے کوئٹہ تفتان اور کوسٹل ہائی ویز پر سیکیورٹی پکٹس لگانے کے لیے جاری کیے گئے نئے ایس او پیز کے خلاف ٹرانسپورٹر یونین احتجاج کر رہی تھیں، یہ فیصلہ نوشکی میں ایک حملے کی وجہ سے کیا گیا تھا جس میں مسلح افراد نے 9 افراد کو ان کی نسلی شناخت کی بنیاد پر اغوا کے بعد قتل کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف ہونے والے ایک اجلاس میں صوبائی وزرا کی جانب سے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروانے کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کرتے ہوئے مختلف مقامات پر شاہراہیں بلاک کردی تھیں۔ احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی جس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ان کے لیے ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں تھی۔

ٹرانسپورٹرز نے نئے ایس او پیز کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ یہ انہیں اعتماد میں لیے بغیر تیار کیے گئے ہیں، انہوں نے حکومت سے نئی چیک پوسٹس کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ ہر چیک پوسٹ پر ان کی بسوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو، وزیر زراعت علی مدد جتک اور پیپلز پارٹی کے رہنما لیاقت لہری نے یونین رہنماؤں سے مذاکرات کیے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا تھا، ضیا اللہ لانگو نے ٹرانسپورٹرز سے کہا تھا کہ ان کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ اس مسئلے کو ’باہمی مشاورت‘ سے حل کیا جاسکتا ہے۔ علی مدد جتک کا کہنا تھا کہ ہم ٹرانسپورٹرز کے مطالبات وزیر اعلیٰ بلوچستان کے سامنے اٹھائیں گے اور اس کے بعد ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے، انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ ٹرانسپورٹرز سے جلد ملاقات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1140642
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش