0
Sunday 9 Jun 2024 19:47

نریندر مودی لگاتار تیسری مرتبہ بھارت کے وزیراعظم بن گئے

نریندر مودی لگاتار تیسری مرتبہ بھارت کے وزیراعظم بن گئے
اسلام ٹائمز۔ نامزد وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو راشٹرپتی بھون میں ایک متاثر کن تقریب میں اپنی مسلسل تیسری مدت کے لئے ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا جس میں ہندوستان کے پڑوسی ممالک کے رہنما اور ہندوستانی لیڈروں نے شرکت کی۔ صدر دروپدی مرمو نے نریندر مودی کو عہدے کا حلف دلایا۔ اس کے بعد مودی کے وزراء کی ٹیم کے دیگر ارکان نے بھی حلف لیا جن میں امت شاہ، نتن گڈکری، جے پی نڈا، راجناتھ سنگھ، نرملا سیتارمن اور شیوراج سنگھ چوہان اور دیگر وزراء شامل ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں نیپال کے وزیراعظم پشپا کمل دہل ’پراچندا‘، سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے، بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ توبگے، مالدیپ کے صدر محمد معزو، ماریشس کے وزیر اعظم پراوِند جگناوتھ، بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ اور سیشلز کے نائب صدر احمد عفیف نے شرکت کی۔ 2014ء سے شروع ہونے والی وزیر اعظم کے طور پر دو میعادوں کے علاوہ نریندر مودی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ گجرات کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیراعلٰی ہیں اور ان کی مدت اکتوبر 2001ء سے مئی 2014ء تک ہے۔

نریندر مودی کو وزیراعظم کے طور پر ان کی پچھلی دو میعادوں کو کئی اہم اقدامات کے لئے جانا جاتا ہے۔ مودی نے ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس‘‘ کے نعرے اور ’’ترقی پر مبنی اور بدعنوانی سے پاک حکمرانی‘‘ پر زور دیا ہے۔ مودی کو سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سمیت مختلف اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پارلیمانی انتخابات 2024ء میں بی جے پی کے زیر قیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اتحاد کو 293 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی، جو کہ حکومت سازی کے لئے 272 نمبر سے زیادہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 1140653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش