0
Sunday 9 Jun 2024 20:07

کشمیری علماء کا غیرمقامی گستاخ طالبعلم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

کشمیری علماء کا غیرمقامی گستاخ طالبعلم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ چند روز قبل گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر میں زیر تعلیم ایک غیر مقامی طالب علم نے نبی آخر الزماں (ص) کی شان اقدس سے متعلق گستاخانہ پوسٹ اپلوڈ کیا جس کے بعد نہ صرف جی ایم سی سرینگر میں بلکہ جموں و کشمیر میں احتجاج کی لہر دوڑ گئی۔ علماء کرام کی جانب سے اس کی مذمت کی گئی جبکہ نماز جمعہ کے بعد جموں و کشمیر کے کئی اضلاع میں احتجاج ہوئے۔ وہیں سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں بھی ایک احتجاجی ریلی برآمد کرکے گستاخانہ مواد کو اپلوڈ کرنے والے طالب علم کو سخت سزا دئے جانے کا مطالبہ کیا۔

ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں اڑائی حویلی علاقے کی مرکزی جامع مسجد کے متصل بعد نمازِ جمعہ فرزندان توحید نے مولانا زاہد حسین قاسمی کی زیر قیادت ایک جلوس برآمد کیا، جس میں خاصی تعداد میں لوگوں خاص کر نوجوانوں نے شمولیت کی۔ اس موقع پر مولانا شمس الدین، مولانا زاہد الحسن قاسمی، مولانا مفتی نذیر احمد، مولانا محمد اکبر سمیت دیگر کئی نامور علماء کرام اور ذی عزت شہریوں نے شرکت اور گستاخانہ مواد اپلوڈ کئے جانے کے خلاف سخت تشویش ظہار کی اور گستاخ طالب علم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

ریلی میں شامل عالم دین مولانا زاہد الاسلام نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والا شخص اپنے رہبر اور قائد کی شان میں ذرہ برابر بھی گستاخی برداشت نہیں کر سکتا ہے۔ چونکہ پیغمبر اسلام (ص) پورے عالم کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں اور ان کی شانِ اقدس میں نازیبا حرکات اور گستاخی ہرگز برداشت نہیں کی جا سکتی ہے۔ انہوں کہا کہ مسلم قوم امن پسند ہے جس کو چند شرپسند عناصر خراب کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں مزید نے کہا کہ اس طرح کے نازیبا کلمات کسی بھی مسلم کے لئے ناقابل برداشت ہیں اور اس طرح کی حرکت کرنے والے شخص کے خلاف کڑی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک مرتبہ اس طرح کی حرکت کرنے والے کے خلاف کارروائی کی گئی تو مستقبل میں کوئی بھی ایسی حرکت کرنے سے باز رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 1140656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش