0
Sunday 9 Jun 2024 20:49

گورنر سندھ سے مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد کی ملاقات

گورنر سندھ سے مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی یکجہتی میں علمائے کرام کے کردار، فلاحی ریاست کی تشکیل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس اگست میں گورنر ہاؤس میں کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں عیدالاضحیٰ کے ایام میں انشاءاللہ 100 اونٹوں کی قربانی کریں گے۔ بعد ازاں گورنر سندھ کے ہمراہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا، اس موقع پر طلباء نے مولانا عبدالخیر آزاد کا پرتپاک استقبال کیا، گورنر سندھ نے آئی ٹی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس میں طالب علموں کو آئی ٹی کے کورسز کی تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج نوجوان آئی ٹی کورسز سے ماہانہ کئی سو ڈالرز کما رہے ہیں، اور مجھے امید ہے کہ انشاء اللہ یہ نوجوان 15 سے 20 لاکھ تک ماہانہ کمائیں گے۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد نے آئی ٹی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس شاندار اقدام پر گورنر سندھ کو مبارک باد دیتا ہوں، نئی نسل کے لئے ان کا یہ اقدام مثالی ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم سب کو مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ مولانا عبدالخیر نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے آج علم کی روشنی کے لئے کھل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید 6 اضلاع میں آئی ٹی کورسز کا آغاز انتہائی خوش آئند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے گورنر سندھ کے ہمراہ طاقتور پاکستان کے تحت راشن بیگز کا معائنہ کیا اور امید کی گھنٹی کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر گورنر سندھ نے مولانا عبدالخیر کو امید کی گھنٹی کے اغراض و مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 1140666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش