0
Sunday 9 Jun 2024 22:54

عام انتخابات میں پوری قوم کے مینڈیت پر بدترین ڈاکا ڈالا گیا، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

عام انتخابات میں پوری قوم کے مینڈیت پر بدترین ڈاکا ڈالا گیا، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صوبائی صدر علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ قوم جان چکی ہے کہ دھاندلی زدہ انتخابات سے بننے والی حکومت اور عوام پر مسلط کئے گئے حکمران عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہیں۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی تحریک نے عوام کو بیدار کرتے ہوئے فارم 47 پر قائم حکومت کو پریشان کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ذریعے ہمیں آئین کی بالادستی کی بات کرنی ہے۔ قانون کی بالادستی ہی مسائل سے نجات کا راستہ ہے۔ جب تک سب لوگ آئین کو مقدس جانتے ہوئے آگے نہیں بڑھیں گے، پاکستان کے مسائل حل نہیں ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آٹھ فروری کے عام انتخابات میں پوری قوم کے مینڈیت پر بدترین ڈاکا ڈالا گیا۔ ہمارے سروں پر الیکشن جیتنے والوں کو نہیں، بلکہ خریدنے والوں کو مسلط کیا گیا۔ جب تک عوام کو انکے حقوق واپس نہیں دیئے جاتے اور چرائے گئے ووٹس واپس نہیں ہوتے، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جدوجہد جاری رہے گی۔

انکا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اور اس تحریک میں شامل ہماری اتحادی جماعتیں بلوچستان کے اصل مسائل سے واقف ہیں۔ ہمارے اتحاد نے ہر فارم پر بلوچستان کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے اصل مسائل پر بات کی ہے۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ فارم 47 کی بنیاد پر مسلط کئے جانے والے اسمبلی اراکین کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ جو لوگ عوام کے ووٹوں سے اسمبلی فلور تک پہنچتے ہیں وہی عوام کی آواز بنتے ہیں۔ تحریک تحفظ آئین کا مقصد یہی ہے کہ عوام کے اصل نمائندوں کو نمائندگی کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوم کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشاں ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایوان بالا میں پورے پاکستانی عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ ہر مسئلے کو سینیٹ میں اٹھا رہے ہیں۔ ہم مسلط شدہ حکومت کو اپنی غلط پالیسیاں عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1140697
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش