0
Sunday 9 Jun 2024 22:58

1 برطانوی ڈسٹرائر سمیت دشمن سے متعلق 2 بحری جہازوں کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا ہے، یمن

1 برطانوی ڈسٹرائر سمیت دشمن سے متعلق 2 بحری جہازوں کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا ہے، یمن
اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی السریع نے اعلان کیا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع النصیرات کیمپ پر ہونے والے غاصب اسرائیلی فوج کے گذشتہ روز کے حملے کے جواب میں، یمنی مسلح افواج نے ایک برطانوی جنگی کشتی سمیت دشمن سے متعلق 2 بحری جہازوں کو بھی کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا کہ پہلی مزاحمتی کارروائی میں ملکی میزائل فورس نے بحیرہ احمر میں واقع برطانوی ڈسٹرائر "ڈائمنڈ" کو کئی ایک بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ کامیابی سے نشانہ بنایا۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق یمنی فوج نے بحیرہ احمر ہی میں واقع صیہونی بحری جہازوں نارڈرنی (Norderney) اور ایم ایس سی تاویشی (MSC Tavvishi) کو بھی کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا جبکہ اس حملے کے بعد اول الذکر بحری جہاز کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

جنرل یحیی السریع نے نشاندہی کی کہ ان دونوں بحری جہازوں نے یمنی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے متعدد انتباہات کو نظر انداز کیا تھا اور انہیں ضروری انتباہات کے بعد ہی نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس بیان کے مطابق مذکورہ دونوں بحری جہازوں پر یمنی بحریہ، میزائل فورس اور ڈرون فورس نے مشترکہ طور پر کئی ایک بحری میزائلوں، بیلسٹک میزائلوں اور بغیر پائلٹ کے ڈرون طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے حملہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 1140698
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش