0
Monday 10 Jun 2024 07:28

یورپی یونین پارلیمنٹ کی انتخابی مہم کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا گیا، علی رضا

یورپی یونین پارلیمنٹ کی انتخابی مہم کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا گیا، علی رضا
اسلام ٹائمز۔ کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ تنظیم نے یورپی پارلیمنٹ کی حالیہ انتخابی مہم کے دوران مسئلہ کشمیر بالخصوص مظلوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہا کہ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، اہم یورپی شخصیات اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں مسئلہ کشمیر کے پس منظر اور مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ علی رضا سید نے کہا کہ انہوں نے مختلف یورپی حلقوں اور یورپی پارلیمنٹ کے متوقع اراکین کو بتایا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سات دہائیوں سے زیر التوا عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے، بھارت نے تقریباً 10 لاکھ فوجی اہلکار تعینات کر رکھے ہیں جو کالے قوانین کا استعمال کرتے ہوئے عوام پر ظلم کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی یورپی پارلیمنٹ کشمیریوں کے دکھ درد اور مشکلات کو سمجھے گی اور ان کے حقوق کی پامالی کو روکنے میں کردار ادا کرے گی۔ علی رضا سید نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے چاہیں، ناانصافیوں کا خاتمہ ہونا چاہیے اور بین الاقوامی نگرانی میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر میں رائے شماری کرائی جانی چاہیے، تاکہ کشمیری اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 1140748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش