0
Monday 10 Jun 2024 09:47

بی جے پی حکومت بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہی ہے، سول سوسائٹی

بی جے پی حکومت بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہی ہے، سول سوسائٹی
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سول سوسائٹی کے ارکان نے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر بھارتی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے دفعہ 370 اور 35-A کی فوری بحالی اور تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر زبیر احمد، محمد فرقان، محمد اقبال شاہین اور سید حیدر حسین سمیت سول سوسائٹی کے ارکان نے سرینگر میں ایک اجلاس میں کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رکھا ہے اور وہ بے گناہ لوگوں کو گرفتار اور نظربند کرنے کے لیے پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنا، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بھارتی شہریوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں آباد کر رہی ہے اور انہیں ڈومیسائل فراہم کر کے متنازعہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مودی حکومت کشمیریوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضہ ، بین الاقوامی ضوابط کی خلاف ورزی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار کر رہی ہے۔ سول سوسائٹی کے ارکان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی حالت زار کی طرف توجہ دے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے آگے آئے۔ انہوں نے چوٹہ بازار سرینگر قتل عام کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بی جے پی، آر ایس ایس حکومت کے منصوبوں کو ناکام بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 1140759
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش