0
Monday 10 Jun 2024 16:02

حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد محمود قدومی کا لاہور پریس کلب کا دورہ

حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد محمود قدومی کا لاہور پریس کلب کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد محمود قدومی نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور گورننگ باڈی کو غزہ کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر خالد محمود قدومی کی پریس کلب آمد پر صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر شیراز حسنات، نائب صدر امجد عثمانی، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفربن یار، ممبر گورننگ باڈی فاطمہ مختار بھٹی اور سید بدر سعید نے ان کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر خالد محمود قدومی نے غزہ کی موجودہ صورت حال کو طوفان سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ طوفان الاقصی کے بعد کیا صورتحال ہو گی، اس بارے میں قبل از وقت کچھ نہیں کہا جا سکتا، غزہ میں شہید ہونے والوں میں حماس قیادت کے اہل خانہ بھی شامل ہیں، میں یہاں فلسطین کا مقدمہ لڑنے کیلئے موجود ہوں۔
 
انہوں نے کہا کہ اس لڑائی میں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کا خاندان شہید ہو چکا ہے اور میرے خاندان کو بھی ایسے ہی حالات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار اسرائیل کے دفاعی نظام سمیت ہر قسم کا خوف دنیا پر سے ختم ہوا ہے اور یورپ بھی غزہ کیلئے سڑکوں پر نکل آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم نے بہت فائدہ پہنچایا اسی طرح پاکستانیوں نے امدادی اشیاء بھی مہیا کی ہیں، اس وقت بھی پانی کے ٹینکرز، خوراک اور خیمے پہنچانے کی اشد ضرورت ہے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے صحافی کمیونٹی کی جانب سے بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی میڈیا اپنے غزہ کے مظلوم بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے اور ظلم و جبر کو دنیا کے سامنے لانے میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری ادا کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1140856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش