0
Monday 10 Jun 2024 17:36

غاصب صیہونی رژیم امریکہ کی مکمل حمایت سے مجرمانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، ایران

غاصب صیہونی رژیم امریکہ کی مکمل حمایت سے مجرمانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، ایران
اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نصر کنعانی نے آج صبح بروز پیر 10 جون 2024ء ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "ہم ایک بار پھر غزہ میں غاصب صیہونی رژیم کے انسان سوز مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ بڑی تعداد میں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ بہت سی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے امریکہ اور برطانیہ کے فوجی اور انٹیلی جنس افسران نے بھی اس حملے میں شرکت کی ہے۔ اس تین طرفہ حملے میں 700 سے زیادہ بے گناہ فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں جبکہ یہ اقدام صیہونی رژیم کے اتحادی ممالک کیلئے بڑی رسوائی بھی ہے۔" ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا: "غاصب صیہونی رژیم کا حالیہ وحشیانہ حملہ ہماری نظر میں شدید طور پر قابل مذمت ہے اور عالمی برادری کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی انسانی اور قانونی ذمہ داری پر عمل پیرا ہوتے ہوئے صیہونی رژیم کی مجرمانہ مشینری کو روکنے کیلئے فوری طور پر اقدامات انجام دے۔"
 
ناصر کنعانی نے مزید کہا: "امریکہ کی بھرپور حمایت سے غاصب صیہونی رژیم نے گذشتہ آٹھ ماہ سے غزہ کی عوام کے خلاف مجرمانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں اور امریکہ تمام تر حربوں اور فوجی امداد کے ذریعے صیہونی رژیم کی مدد کرنے میں مصروف ہے۔ اب تک کوئی ایسا ثبوت نہیں پایا جاتا جس سے ظاہر ہو کہ امریکہ واقعی جنگ بندی چاہتا ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "اگر وہ سچے دل سے جنگ بندی چاہتے ہیں تو پھر انہیں غاصب صیہونی رژیم کو اسلحہ فراہم کرنا بند کر دینا چاہئے۔ غاصب صیہونی رژیم کے اعلی سطحی حکومتی اور فوجی عہدیداروں کی جانب سے مستعفی ہو جانے سے اس کا زوال ظاہر ہوتا ہے اور معلوم ہوتا ہے کہ وہ غزہ جنگ میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہو جانے کے ساتھ ساتھ مسلسل اسٹریٹجک ناکامی کا بھی شکار ہے۔ البتہ چند قاتلوں کی جگہ چند دوسرے قاتل آ جانے سے فلسطینی عوام کی نظر میں اس رژیم کی حقیقت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ عالمی اداروں کو چاہئے کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق اپنی ذمہ داری ادا کریں اور فوری اقدامات انجام دیں۔"
 
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "ایران کی پالیسی علاقائی امن اور استحکام کی حمایت پر مبنی ہے۔ اس وقت پوری دنیا اس حقیقت کا اعتراف کر چکی ہے کہ اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم خطے میں بدامنی کا اہم ترین سرچشمہ ہے۔ اس وقت غزہ کی پڑی پر آٹھ ماہ کی ظالمانہ جنگ کے بعد دنیا والے اس حقیقت کا اعتراف کر رہے ہیں کہ غاصب صیہونی رژیم ہی خطے میں بدامنی کے درپے ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ لبنان کے خلاف صیہونی جارحیت پر سنجیدگی سے توجہ دے اور اس ملک کی خودمختاری کے خلاف ہر قسم کے اشتعال انگیز اقدام کی شدید مذمت کرے۔" ناصر کنعانی نے اسرائیل کے حامی ممالک کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "اس بارے میں صیہونی رژیم کے حامی ممالک خاص طور پر امریکہ اور برطانیہ کی ذمہ داری کئی گنا زیادہ ہے۔ انہیں چاہئے کہ اپنے اثرورسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے صیہونی رژیم کو جنگ جاری رکھنے سے روکیں۔ لبنان کا استحکام، امن اور ملکی سالمیت پر سب کو توجہ دینی چاہئے۔"
خبر کا کوڈ : 1140876
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش