0
Monday 10 Jun 2024 20:44

مریم کی دستک ایپ سے عوام کو دھکے نہیں کھانا پڑیں گے، کرپشن کم ہوگی، محمود مولوی

مریم کی دستک ایپ سے عوام کو دھکے نہیں کھانا پڑیں گے، کرپشن کم ہوگی، محمود مولوی
اسلام ٹائمز۔ استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے صدر محمود مولوی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ''مریم کی دستک'' ایپ کا افتتاح مستحسن اقدام ہے، ڈومیسائل، ٹوکن ٹیکس، برتھ سرٹیفکیٹ سمیت 10خدمات سے شہریوں کو مدد ملے گی۔ اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والی سیاسی عمائدین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے آئی پی پی سندھ کے صدر محمود مولوی نے کہا کہ پنجاب میں کینسر اور دیگر مہلک امراض میں مبتلا افراد کیلئے 2 ماہ کی ادویات ان کے گھر پہنچ رہی ہیں، سیف سٹی میں قائم ورچوئل پولیس اسٹیشن خواتین کو گھر بیٹھے سروسز فراہم کررہا ہے، ہر کام ڈیجیٹل طریقے سے ہورہا ہے، حکومت پنجاب بڑی حد تک پیپر لیس ہوچکی ہے، دستک ایپ سے عوام کو دھکے نہیں کھانا پڑیں گے، کرپشن کم ہوگی، شفافیت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو دستاویزات کیلئے سرکاری دفاتر میں لائنوں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ محمود مولوی نے کہا کہ سندھ عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھانے سے قاصر کیوں ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں آج بھی خواتین قطاروں میں دھکے کھارہی ہیں، سندھ میں ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ ودیگر سہولیات کیلئے عوام کو شدید اذیت اٹھانی پڑتی ہے، سندھ حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کروائے۔ محمود مولوی کا کہنا تھا کہ پیپر لیس اقدامات سے کرپشن کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی، آن لائن خدمات سے عوام کو گھنٹوں قطاروں میں نہیں کھڑا ہونا پڑے گا، سندھ حکومت عوام کی سہولیات کیلئے آن لائن خدمات کیلئے اقدامات اٹھائے۔
خبر کا کوڈ : 1140905
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش