0
Tuesday 11 Jun 2024 10:21

یاتریوں کی بس پر حملہ تحریک حق خودارادیت کو بدنام کرنے کی سازش ہے، غلام محمد صفی

یاتریوں کی بس پر حملہ تحریک حق خودارادیت کو بدنام کرنے کی سازش ہے، غلام محمد صفی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے نو منتخب کنوینر غلام محمد صفی نے جموں کے علاقے ریاسی میں یاتریوں کی بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے تحریک حق خودارادیت کو بدنام کرنے کی بھارتی ایجنسیوں کی سازش قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اسی طرح کی کارروائی ہے جس طرح بھارتی ایجنسیاں ماضی میں چھٹی سنگھ پورہ اور وند ہامہ گاندربل میں انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھ مظلوم کشمیریوں کے لہو سے رنگے ہوئے ہیں اور اس طرح کی کاروائیاں کر کے وہ اقوام عالم کو زیادہ دیر تک گمراہ نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک کسی ایک بے گناہ کا خون بہانا پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔ ہم بھارتی ایجنسیوں اور انتہا پسند ہندتوا نظریے کی حامل مودی حکومت کی اس گھنائونی سازش کو بے نقاب کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اعلی انسانی اقدار اور اسلامی اصولوں پر جاری جدوجہد میں نہتے افراد پر اس طرح کے بزدلانہ حملوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ اس طرح کے حملے جدوجہد آزادی کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے اور بھارت اس طرح کے حملے کر کے اپنی ریاستی دہشتگردی پر پردہ ڈالنے اور اقوام عالم کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1140985
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش