0
Tuesday 11 Jun 2024 13:21

الیکشن ٹریبونل کیوں تبدیل کیا، الیکشن کمیشن کو جواب دینا ہوگا، عدالت

الیکشن ٹریبونل کیوں تبدیل کیا، الیکشن کمیشن کو جواب دینا ہوگا، عدالت
اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے الیکشن ٹریبونل تبدیلی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ الیکشن ٹریبونل کیوں تبدیل کیا، الیکشن کمیشن کو جوابدہ ہونا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن ترمیمی آرڈیننس اور الیکشن کمیشن میں ٹریبونل تبدیلی سے متعلق جاری کارروائی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹریبونل نے لیگی ایم این ایز کو وقت دیا لیکن انہوں نے ٹریبونل میں کوئی جواب تک جمع نہیں کروایا۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ٹریبونل کو تبدیل کیوں کیا ہے۔؟ سرکار مجھے سمجھائے سال پہلے یہ ترمیم ختم کی اب پھر آرڈیننس کے ذریعے لے آئے ہیں۔ قائم مقام صدر کیسے آرڈیننس جاری کرسکتا ہے۔؟ کیا ایمرجنسی تھی کہ رات و رات آرڈیننس آگیا، سسٹم کو سسٹم رہنے دیں۔ شعیب شاہین نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کریں گے، عدالت کے پاس جو درخواست زیر سماعت ہے اس پر نشستوں کو برقرار کردیں، آج تک جو کچھ ہوا ہے اس تک برقرار رکھ دیں۔ علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج ہم 8 فروری کی پوزیشن پر واپس چلے گئے ہیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے وکیل الیکشن کمیشن سے کہا کہ ٹریبونل مجھ سے مشاورت کے بعد بنائے گئے ہیں، میں نے نام تجویز کئے منظوری تو آپ نے دی تھی، پھر اب ٹریبونل کا جج تبدیل کرنے کی کیا ضرورت تھی۔؟ الیکشن کمیشن کے پاس ریکارڈ منگوانے کا کیا اختیار تھا۔؟ جج تبدیلی کی درخواستیں ہمارے پاس بھی آتی ہیں ہم تو ریکارڈ نہیں منگواتے، آپ کو جوابدہ ہونا ہے۔ ہم نے عزت دی کہ آئینی باڈی ہے اس لیے 2 دن کا وقت دیا، کیا نئے جج کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔؟

عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی جو ٹریبونل بنایا ہے کیا اسلام آباد کے لئے ہے۔؟ وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ 7 جون کو نوٹس ہو چکا ابھی میرے پاس نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل کا نوٹیفکیشن آپ کے پاس نہیں تو پھر میڈیا کے پاس کیسے چلا گیا۔؟ الیکٹرانک میڈیا کو نئے ٹریبونل کی تشکیل کا کیسے معلوم ہو۔ا؟ آپ غلط کررہے ہیں ایسا نہ کریں، سوچ سمجھ کے جواب دیجئے گا۔ اس کیس کو آج ہی 2 بجے سنیں گے، آپ سوچ لیں آپ نے کیا کرنا ہے۔ آپ نے جو ٹرانسفر کے احکامات جاری کئے ہیں وہ قانونی طور برقرار نہیں رہ سکتا۔
خبر کا کوڈ : 1141044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش