0
Tuesday 11 Jun 2024 14:29

حماس نے مغربی کنارے میں مزاحمتی کاروائیاں تیز کرنے کی کال دے دی

حماس نے مغربی کنارے میں مزاحمتی کاروائیاں تیز کرنے کی کال دے دی
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس نے مغربی کنارے میں تمام فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ غاصب صیہونی رژیم کے خلاف مزاحمتی کاروائیاں تیز کر دیں۔ حماس کا یہ مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب غاصب صیہونی رژیم کے ہرکاروں نے مغربی کنارے کے شہر رام الللہ کے مغرب میں واقع قصبے کفرنعمہ پر حملہ کیا اور چار فلسطینی مجاہدین کو شہید کر دیا۔ حماس نے اپنے بیانیے میں فلسطینی قوم اور شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ فلسطین کے ہیرو عوام اور اسلامی مزاحمت کے بہادر مجاہدین مغربی کنارے میں غاصب صیہونیوں کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ حماس نے اپنے بیانیے میں مغربی کنارے کے بہادر فلسطینی عوام پر درود بھیجا جنہوں نے اسلامی مزاحمت کی حمایت اور پشت پناہی جاری رکھی ہوئی ہے اور کہا: "غاصب نازی صیہونی قتل و غارت، گرفتاریوں اور فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ پن کے ذریعے فلسطینی قوم اور مزاحمت کے حوصلے پست نہیں کر سکتے جو غاصب دشمن کی سازشوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔"
 
حماس نے واضح کیا کہ صیہونی حکمران اپنے مجرمانہ اقدامات کے ذریعے فلسطین کاز کو ختم کرنے اور فلسطینی قوم کے حقوق پامال کرنے کیلئے اپنی پالیسیاں لاگو نہیں کر سکتے اور فلسطینی شہداء کا پاکیزہ خون ان تمام افراد کیلئے چراغ راہ ہے جو آزادی اور فتح کیلئے شہداء کا راستہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس نے اپنے بیانیے میں مغربی کنارے کے فلسطینیوں سے اس بات کا مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صیہونیوں اور صیہونی آبادکاروں کے خلاف جس انداز میں بھی ممکن ہو مزاحمتی کاروائیاں تیز کر دیں اور غزہ، جس کے خلاف صیہونی دشمن نے نسل کشی کی جنگ جاری رکھی ہوئی ہے، کی حمایت جاری رکھیں۔ دوسری طرف فلسطین مجاہدین تحریک نے بھی مغربی کنارے میں صیہونی رژیم کے مجرمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان تمام فلسطینیوں سے جو اسلحہ استعمال کر سکتے ہیں، سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غاصب صیہونیوں کے خلاف مسلح کاروائیاں انجام دیں اور ہر سطح پر مزاحمت تیز کر دیں۔
 
غزہ کے خلاف وحشیانہ جنگ کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے کے مختلف حصوں پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت بھی جاری ہے۔ آج صبح بھی صیہونی فوجیوں نے رام اللہ کے مغرب میں کفر نعمہ نامی قصبے پر حملہ ور ہو کر چار فلسطینی مجاہدین کو شہید کر دیا۔ رام اللہ اور البیرہ میں قومی اور مذہبی فورسز نے چار مجاہدین کی شہادت پر آج بروز منگل 11 جون 2024ء عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیانیے میں فلسطینی عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دن گیارہ بجے البیرہ کے ثقافتی مرکز میں جمع ہو کر صیہونی رژیم کے مجرمانہ اقدامات کی مذمت کریں اور فلسطینی قیدیوں کی حمایت کا اظہار کریں۔ یاد رہے کل صبح بھی طوباس کے جنوب میں الفارعہ مہاجر کیمپ پر صیہونی جارحیت کے نتیجے میں دو فلسطینی شہری شہید ہو گئے تھے جبکہ طول کرم کے مشرق میں ذنابہ کے علاقے میں ایک فلسطینی جوان شہید ہو گیا تھا۔ غاصب صیہونی مغربی کنارے کے مختلف حصوں پر دن رات وحشیانہ حملے انجام دے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1141058
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش