0
Tuesday 11 Jun 2024 21:24

چمن، ڈی سی چمن اور ثالثی کمیٹی کا اجلاس، پرامن ماحول کی بحالی سے متعلق گفتگو

چمن، ڈی سی چمن اور ثالثی کمیٹی کا اجلاس، پرامن ماحول کی بحالی سے متعلق گفتگو
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کشمنر چمن اور ثالثی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان چمن کے امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس کا انعقاد ہوا۔ جس میں امن کی بحالی سے متعلق گفتگو ہوئی۔ مذاکراتی ثالثی کمیٹی کے ممبران قبائلی مشر سابق صوبائی وزیر حاجی نصیر احمد، باچا خان اچکزئی، نورزئی قوم سربراہ حاجی فیض اللہ خان نورزئی، حاجی ملک عبدالخالق خان اچکزئی، حاجی عطاء اللہ اچکزئی اور دیگر قبائلی رہنماؤں نے ڈی سی آفس میں ڈپٹی کمشنر راجہ اطہر عباس سے مذاکرات کئے۔ جس میں جلاؤ گھیراؤ اور پتھراؤ میں پکڑے گئے افراد کی رہائی سے متعلق بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں شہر کے امن کے لئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کے لئے اتفاق کیا گیا اور طے پایا کہ علاقے کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ لوگوں سے ہر فورم پر بات چیت کی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجہ اطہر عباس کا کہنا تھا کہ چمن کے شہریوں اور پرلت کمیٹی کے جائز مطالبات کا ہر صورت دفاع کرین گے، لیکن احتجاج کی آڑ میں کسی بھی قسم کے ریاست کے خلاف بیانیہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت شرپسندوں اور ریاست مخالفین کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کسی بھی معصوم شہری کو بلاضرورت نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ تاہم ریاستی املاک پر حملہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ علاقے کے مسائل کے حل کے لئے علاقے کے مشران اپنے بھرپور کردار ادا کریں گے اور ان کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ زیر حراست افراد کی رہائی کے معمولات طے کرنے کے لئے کمیٹی نے تفصیلات ڈپٹی کمشنر کو فراہم کر دیا ہے۔ اس سلسلے عوام سے گزارش ہے کہ کمیٹی ممبران سے رابطہ کریں۔

ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ریاست مخالف تنظیم کو پرلت کا اسٹیج استعمال کرنے نہیں دیں گے۔ ضلع میں دفعہ 144 کا نفاذ پہلے سے موجود ہے، لیکن شہر کے امن و امان کو ملعوض خاطر رکھتے ہوئے نرمی اختیار کی گئی تھی جو کہ آئندہ نہیں کی جائے گی اور اگر کوئی بغیر اجازت ریلی، اسمبلی یا اجتماع کا اہتمام کیا گیا تو اس کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر راجہ اطہر عباس کا مزید کہنا تھا کہ چمن کے عوام محب وطن اور امن پسند لوگ ہیں اور ان کا احترام ہم ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھتے ہیں۔ ریاست اور عوام سکے کے دو رخ ہیں، لیکن عوام سے درخواست ہے کہ شرپسند عناصر پر نظر رکھے اور ان کو اپنے خوبصورت ضلع اور شہر کا امن خراب کرنے نہ دیں۔ ضلع اور شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جو بھی سنیپ چیکنگ کے دوران اگر کوئی شخص اپنا کوئی پاکستانی شہری ہونے کا ثبوت فراہم نہ کرسکا تو اس کو فی الفور ملک بدر کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1141125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش