0
Tuesday 11 Jun 2024 22:38

کراچی، ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے زیر اہتمام آئمہ جمعہ کانفرنس کا انعقاد

کراچی، ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے زیر اہتمام آئمہ جمعہ کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں آئمہ جمعہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کے کنوینر مولانا سید صادق رضا تقوی نے بتایا کہ اس کانفرنس میں شہر کراچی کے 60 سے زائد جمعہ اجتماعات کے آئمہ جمعہ کو دعوت دی گئی تھی، کانفرنس میں 40 سے زائد آئمہ جمعہ نے شرکت کی۔کانفرنس کا عنوان حضرت امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے ’’فکر امام خمینیؒ اور آئمہ جمعہ کی ذمہ داریاں‘‘ رکھا گیا تھا۔ یہ اپنی نوعیت کی منفرد و پہلی آئمہ جمعہ کانفرنس تھی کہ جس میں پاکستان کے دل ’’شہر کراچی‘‘ کے آئمہ جمہ نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کے بعد ہیئت آئمہ مساجد کے صدر مولانا محمد حسین رئیسی نے کانفرنس کے مقاصد کو بیان کیا۔ اس کے بعد جامع مسجد بوتراب کے خطیب مولانا سید علی حیدر زیدی نے "نماز جمعہ اور ظہور امام زمانہؑ کی راہیں ہموار کرنا" کے عنوان پر خطاب کیا۔ ہیئت کے جوائنٹ سیکریٹری اور کانفرنس کے کنوینر مولانا سید صادق رضا تقوی نے کانفرنس کے عنوان پر روشنی ڈالی اور ’’دور حاضر اسلامی بیداری میں فکر امام خمینیؒ کا کردار‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر مولانا سید باقر عباس زیدی نے بھی خطاب کیا۔

بزرگ عالم دین شیخ الاساتید آیت اللہ شیخ محمد سلیم نے ’’امام خمینیؒ کی نگاہ میں آئمہ جمعہ کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پر گفتگو کی۔ مقررین نے دور حاضر میں اسلام کی نشاۃ ثانیہ، قرآن و قرآنی تعلیمات کی بالاستی، مکتب اہل بیتؑ کی ترویج و شناخت، عالم استکبار کی ذلت و ہزیمت، مظلوموں کے قیام، صہیونی ریاست اسرائیل کی تباہی، مشرق و مغرب میں عوامی بیداری سمیت دنیا کے دوسرے سیاسی و اجتماعی واقعات کے رونما ہونے میں حضرت امام خمینیؒ کی فکر و افکار کو مرکز اور بنیاد قرار دیا۔ کانفرنس کے دوسرے حصے میں تمام آئمہ جمعہ نے دین اسلام کے اس اجتماع نماز جمعہ کو مزید بہتر و مفید بنانے کیلئے آراء و تجاویز کو پیش کیا۔ کانفرنس کے آخر میں ہیئت کے جنرل سیکریٹری مولانا اصغر حسین شہیدی نے خطاب کیا اور آئمہ جمعہ کی آراء و تجاویز کو مرتب کے سوالات کے جوابات بھی دیئے، مستقبل میں ہیئت کی جانب سے علماء کے علاج و معالجہ اور بچوں کی تعلیم و دیگر امور سے متعلق نکات کو بیان کیا۔ کانفرنس میں نظامت کے فرائض مولانا نعیم الحسن الحسینی نے انجام دیئے۔ 

آئمہ جمعہ کی جانب سے مندرجہ ذیل نکات پر زور دیا گیا۔

۱۔ کراچی پاکستان کا دل ہے، لہٰذا یہاں کی اجتماعی آواز پورے پاکستان کو متاثر کر سکتی ہے۔

۲۔ خطبات جمعہ کو دینے کیلئے ہر ہفتہ انہیں نکات فراہم کئے جائیں، تاکہ خطبہ دوم میں ملکی و بین الاقوامی حالات کو عوام کے سامنے بیان کیا جائے۔

۳۔ اوقات شرعی نماز جمعہ کو مراجع کے فتاویٰ کے مطابق بیان کیا جائے اور شرعی فرسخ سے کم فاصلے میں منعقد ہونے والی نماز جمعہ کے گھمبیر مسائل کو حل کیا جائے۔

۴۔ خطبات جمعہ میں بدعتوں سے مقابلے اور فتنوں سے حفاظت مؤثر طریقہ بیان کو اپنایا جائے۔

۵۔ غالی و نصیری اور دین سے متصادم نظریات کی روک تھام کیلئے آئمہ جمعہ کو علمی مواد فراہم کیا جائے۔

۶۔ اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کے مکمل و مفید بائیکاٹ کیلئے آئمہ جمعہ اپنا کردار ادا کریں۔

۷۔ علماء کے مالی معاونت کا ایک جامع سلسلہ شروع کیا جائے۔

۸۔ عوام اور نمازیوں کو تقویٰ اور اخلاقیات سے آراستہ کرنے کیلئے احادیث کی وضاحت کو خطبات کا لازمی حصہ بنایا جائے۔

۹۔ اسلامی اور قومی مناسبتوں کے حوالے سے خطبات کر مرتب کیا جائے۔

۱۰۔ ہیئت کی جانب سے علما کے مالی معاملات، علاج و معالجہ اور بچوں کی تعلیم کے اخراجات سے متعلق کا ایک خاکہ بھی پیش کیا گیا۔

۱۱۔ ہیئت کے اراکین کو مختلف مقامات پر نماز جمعہ کے اقامہ کیلئے دعوت کی بھی رائے سامنے آئی، تاکہ ہیئت کے اراکین کا عوام اور علماء سے رابطہ مضبوط ہو۔
خبر کا کوڈ : 1141139
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش