0
Thursday 14 Feb 2019 18:22

آئین کی روح پر عمل کرکے معاشرے کو مثالی بنا سکتے ہیں، قبلہ ایاز

آئین کی روح پر عمل کرکے معاشرے کو مثالی بنا سکتے ہیں، قبلہ ایاز
اسلام ٹائمز۔ ادارہ امن و تعلیم اور اسلامی نظریاتی کونسل کے اشتراک سے ایک روزہ قومی امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزرا، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز سمیت مذہبی رہنماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق فلیٹیز ہوٹل لاہور میں منعقدہ امن کانفرنس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ آیاز، صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق اعجاز عالم اور وزیر آبپاشی محسن لغاری، ایم این اے وحید عالم خان، چیئرمین ادارہ امن تعلیم اظہر حسین  سمیت تمام مذاہب کے قائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس 1973 کا آئین ہے، جس پر ملک کے سب مسلک سے تعلق رکھنے والے علما کے دستخط موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی روح پر عمل کرکے معاشرے میں بھائی چارہ اور رواداری کو فروغ دے سکتے ہیں۔ یہ دنیا کو واحد آئین ہے جو تمام مسالک و مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی دیتا ہے اور ریاست کے نظریات کا مکمل عکاس ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق اعجاز عالم کا کہنا تھا کہ امن کسی مذہب، فرقے یا ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ دنیا کا مسئلہ ہے جب تک معاشرے سے ظلم ختم نہیں ہوگا امن قائم نہیں ہوگا۔ کل مسالک علماء بورڈ کے سربراہ مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ امن اور رواداری کا فروغ ہمارا مشن ہے، اس مقصد کیلئے ہی ہم نے تمام مسالک کےعلماء پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا ہے، جو بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کیلئے کوشاں ہے، ہم بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور اس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ کانفرںس کے اختتام پر امن کو فروغ دینے والی اہم شخصیات سیکرٹری جنرل کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن شوکت چودھری، مولانا عاصم مخدوم، جاوید ولیم، ساجد کرسٹوفر، روبنسن عزیز فرانس سمیت دیگر کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
خبر کا کوڈ : 777983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش