1
Tuesday 30 Jan 2024 21:25

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ بلوچستان کے علاقے مچھ میں بی ایل اے کے حملے ناکام، تمام سات دہشت گرد ہلاک، ایس ایچ او شہید، بولان کے علاقے مچھ میں پہاڑوں سے کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں نے متعدد راکٹ فائر کیے، جس کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ بولان کے کم از کم تین مقامات پر حملہ کیا گیا، جس میں مچھ جیل، ریلوے اسٹیشن اور لیویز تھانہ شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے حملے میں تھانہ ایس ایچ او ساجد سولنگی بھی شہید ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک حملہ مچھ جیل پر بھی کیا گیا، بی ایل اے کے دہشت گردوں کے فائر ریڈ کی کوشش کو فورسز نے پسپا کر دیا، فورسز کو پہلے سے دہشت گردوں کے حملے کی اطلاعات مل گئیں تھیں، جس کے بعد اہل کاروں نے دہشت گردوں کے لیے گھات لگا رکھی تھی۔ تینوں واقعات میں مجموعی طور پر 13 شہری زخمی ہوئے۔

2۔ سائفر کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔ فاضل جج نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 342 کے بیان کیلئے سوالنامہ اور اسٹیٹمینٹس کی کاپیاں فراہم کیں، سوالنامے میں ملزمان سے تقریباً 36 سوالوں کے جواب مانگے گئے۔ دونوں سیاسی رہنماوں نے خود جوابات لکھوائے۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کا بیان ریکارڈ کرانے سے قبل ہی بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی دونوں کو جرم ثابت ہونے پر قید کی سزا سنا دی۔ فیصلے کے بعد بانی پی ٹی آئی مسکراتے رہے جبکہ شاہ محمود قریشی نے احتجاج کیا کہ میرا تو ابھی بیان ہی ریکارڈ نہیں ہوا۔

3۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کا بھیس بدل کر اسپتال پر حملہ، 3 فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوجی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بن کر مغربی کنارے کے ابن سینا اسپتال میں داخل ہوئے اور 3 فلسطینی نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان تینوں فلسطینی نوجوانوں کا تعلق حماس کے اس سیل ہے، جو اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی شناخت محمد، باسل الغزاوی اور محمد جلامنہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسپتال کے فلور پر ڈاکٹرز اور نرسز کے بھیس میں چند افراد داخل ہوتے ہیں اور کوٹ اتار کر اسلحہ نکال لیتے ہیں۔

4۔ امریکہ نے کہا ہے کہ ایران سے جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے، امریکا نے کہا ہے کہ اس موقع پر ایران کے ساتھ جنگ چھیڑنا نہیں چاہتے، لیکن اردن میں ایک حملے میں اپنے 3 فوجیوں کی ہلاکت کا ضرور جواب دیں گے۔ امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ اردن میں امریکی فوجی بیس ٹاور 22 کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف جوابی کارروائی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ ترجمان جان کربی نے مزید کہا کہ کسی بھی کارروائی میں جلد بازی سے کام نہیں لیں گے، امریکی صدر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اس حملے کا مناسب وقت پر بھرپور جواب دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں امریکی قومی سلامتی کے ترجمان نے الزام لگایا کہ اس حملے میں ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے ملوث ہونے کا قوی امکان ہے، لیکن امریکا ایران سے جنگ نہیں چاہتا۔

5۔ صومالیہ میں ایرانی جھنڈا بردار کشتی اور 19 پاکستانی ارکان کو بحفاظت رہا کرا لیا گیا، بھارتی بحریہ نے ایرانی کشتی کو صومالی قزاقوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا، بھارتی حکام کے مطابق ماہی گیر کشتی پر موجود عملے کے 19 پاکستانی ارکان کو بحفاظت رہا کرا لیا گیا ہے۔ ایرانی جھنڈا بردار کشتی کے عملے کو 11 صومالی قزاقوں نے یرغمال بنایا تھا۔ کشتی چھڑانے کی کارروائی گذشتہ رات بحرہند میں کوچی شہر سے 850 ناٹیکل میل کے فاصلے پر صومالی ساحل کے نزدیک کی گئی۔

6۔ اسرائیلی فوج نے اپنے یرغمالیوں کی تلاش میں 2 ہزار فلسطینیوں کی قبریں اکھاڑ دیں، غزہ میں اسرائیلی جارحیت پسندوں کے ہاتھوں مرنے والے بھی محفوظ نہیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے قبرستان کے قبرستان اجاڑ دیئے اور کچھ لاشیں لاپتہ کر دیں۔ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں ویسے بھی کوئی زمین محفوظ نہیں رہی ہے اور فلسطینی اسکولوں اور اسپتالوں کے احاطے میں اپنے پیاروں کو دفن کرنے پر مجبور ہیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مردوں کو بھی چین سے قبر میں رہنے نہ دیا اور 2 ہزار سے زائد قبروں کو اکھاڑ دیا اور کچھ میتیں مٹی پر چھوڑ دیں اور کچھ ساتھ لے گئے۔ ایک فوٹو گرافر نے غزہ شہر کے الطفہ ضلع میں فلسطینیوں کی قبروں سے نکالی ہوئی کفن پوش لاشوں کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ ان قبروں پر اسرائیلی فوج نے بلڈوزر چلائے تھے۔

7۔ سوڈان کے متنازع علاقے میں حریف قبائل میں مسلح تصادم، 54 افراد ہلاک، 64 زخمی ہوگئے، رپورٹس کے مطابق سوڈان میں متنازع علاقے میں قبائلی جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والوں میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے 2 اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ امدادی سرگرمیوں کے دوران پاکستانی امن مشن کا ایک اہلکار بھی حملوں کی زد میں آکر شہید ہوگیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان کے متنازع علاقے ایبے میں حریف قبائل میں مسلح تصادم سے ہلاک افراد کی تعداد 54 تک جا پہنچی ہے، جبکہ 64 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سوڈان اور جنوبی سوڈان کے متنازع علاقے ابائے میں تعینات پاکستان کا امن دستہ مقامی آبادی کے دو مریضوں کو ہسپتال لے جا رہا تھا کہ ان پر فائرنگ کر دی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی محمد طارق شہید ہوگئے، جن کا تعلق سندھ کے ضلع بدین سے تھا۔
خبر کا کوڈ : 1112689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش