0
Wednesday 31 Jan 2024 22:22

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ سائفر کیس کے بعد توشہ خانہ میں 14 سال کی سزا، سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے بھی گرفتاری دیدی، توشہ خانہ کیس میں عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد بشری بی بی نے گرفتاری دے دی۔ احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے، جبکہ عدالت نے عمران خان کو 10 سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا ہے۔ عدالت کی جانب سزا سنائے جانے کے بعد عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی گرفتاری دینے اڈیالہ جیل پہنچیں، بشری بی بی نے اڈیالہ جیل حکام کو گرفتاری دے دی ہے۔

2۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی سزا پر امریکہ کا ردعمل سامنے آگیا، امریکی وزارت خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان میتھیو ملر سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان میں 8 فروری کو الیکشن ہونے ہیں اور اس سے قبل عمران خان کو قید کی سزا سے کیا یہ الیکشن شفاف اور منصفانہ ہوں گے۔ جس پر ترجمان امریکی وزارت خارجہ میتھیو ملر نے جواب دیا کہ ہم سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف کیسز اور سزا سے آگاہ ہیں اور اس کا جائزہ بھی لے رہے ہیں، لیکن عدالتی سزا پر کوئی تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ میتھیو ملر نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم پر مقدمہ اور سزا قانونی عمل ہے، جس پر پاکستانی عدالت سے ہی رجوع کیا جا سکتا ہے۔ ہم پاکستان میں قانونی عمل میں مداخلت یا کسی ایک امیدوار کی حمایت نہیں کرتے۔

3۔ امریکہ کے سابق نائب صدر مائیک پنس نے کہا ہے کہ جوبائیڈن نہیں چاہتے کہ اسرائیل کامیاب ہو، سابق امریکی نائب صدر "مائک پِنس" کی سربراہی میں ایک غیر سیاسی گروہ "امریکی آزادی کو آگے بڑھانا" نے کانگریس کے نام ایک میمو جاری کیا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ صیہونی رژیم کو جنگی کوششوں میں کمزور کرنے پر جو بائیڈن سے تحقیقات کی جائیں۔ فاکس نیوز نے اپنی رپورٹ میں اس میمو کا متن یوں پیش کیا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے جو بائیڈن نہیں چاہتے کہ امریکہ کامیاب ہو۔ اس گروہ کے اراکین نے یہ دعوی کرتے ہوئے تنقید کی کہ حماس کے ساتھ جنگ میں اسرائیلی کوششوں کو بائیڈن انتظامیہ کا موقف کمزور کرتا ہے۔ جو بائیڈن کی جانب سے جنگ بندی کا مطالبہ اسرائیل پر دور ریاستی حل کے لئے دباو اور اس رژیم کی عسکری معاونت میں رکاوٹ ایجاد کرتا ہے۔ اس میمو میں یہ بے بنیاد دعویٰ بھی دہرایا گیا کہ اسرائیل اپنے وجود کو بچانے کے لئے لڑ رہا ہے، جبکہ بائیڈن انتظامیہ صیہونی رژیم کو عمداً خطرات میں دھکیل رہی ہے۔

4۔ امریکی سینیٹر برنی سینڈر نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی تباہی کی اصل وجہ امریکی ہتھیار ہیں، امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ غزہ میں ہونے والے جرائم میں ہم بھی شریک ہیں اور غزہ میں انسانی تباہی کی اصل وجہ امریکی ہتھیار ہیں۔ برنی سینڈرز نے غزہ میں نہتے لوگوں پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور 25 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا ہے کہ اس وقت غزہ کی پٹی میں جاری خوفناک انسانی بحران کو کسی بھی طرح نظرانداز نہیں کرنا چاہیئے۔ امریکی سینیٹر نے کہا ہے کہ جب ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں، فلسطینی بچے بھوک سے مر رہے ہیں، ہمیں جلد از جلد کام کرنا چاہیئے، کیونکہ یہ صورت حال جاری نہیں رہنی چاہیئے اور نہ ہی رہ سکتی ہے۔

5۔ ایران نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی زمین پر حملے کا بھرپور جواب دیں گے، اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہماری سرزمین پر کسی بھی قسم کا حملہ ہوا تو ایران اس کا مناسب انداز میں جواب دے گا، کیونکہ یہ ہماری قوم اور سرحدوں کے مفاد میں ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی سفیر کا بیان چند روز قبل دیئے گئے امریکی صدر کے بیان کے تناظر میں آیا ہے، جس میں جوبائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ امریکا نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اردن میں حملے کا کیسے جواب دے گا۔ امریکی صدر نے کہا تھا کہ اردن میں ڈرون حملہ کرنے والے عراقی گروپ ایران کے حمایت یافتہ ہیں۔

6۔ بھارت کی ایک اور تاریخی مسجد میں ہندووں کو پوجا کی اجازت دیدی گئی، بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی مقامی عدالت میں ایک ہندو پنڈت کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ جس میں استدعا کی گئی تھی کہ موروثی پجاری ہونے اور وہیں مقیم ہونے کی وجہ سے انھیں اس مقام تک رسائی دی جائے۔ جس پر مقامی عدالت نے یہ مسجد کے اس حصے سے سِیل ختم کرکے درخواست گزار ہندو پنڈت کو پوجا اور اندر داخل ہونے کی اجازت دیتے ہوئے حکم دیا کہ مقامی شہری انتظامیہ ایک ہفتے کے اندر اس حصے میں پوجا کے انتظامات کروائے۔ جج نے یہ بھی حکم دیا کہ تمام رکاوٹیں ہٹانے سمیت دیگر انتظامات ایک ہفتے میں مکمل کیے جائیں اور مسجد ملحق کاشی وشواناتھ مندر کے پنڈتوں سے مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کروائی جائے۔خیال رہے کہ اس مسجد کے تہہ خانے کے اندر 4 میں سے ایک تکانہ ہندو پنڈت خاندان کے پاس ہے، جو اس کے موروثی متولی بھی ہیں اور وہیں مقیم ہیں۔ وہ 1993ء تک اس حصے میں پوجا کرنے آتے رہے تھے، تاہم پھر یہ حصہ سیل کردیا گیا تھا۔

7۔ غزہ میں اسرائیل نے قبروں سے نکالی فلسطینیوں کی 100 لاشیں واپس کر دیں، رپورٹ کے مطابق چند روز قبل اسرائیلی فوجیوں نے اپنے یرغمالیوں کی تلاش میں فلسطینیوں کی قبریں تک اکھاڑ دی تھیں اور کئی لاشوں کو اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔قبروں پر بلڈوزر پھیر کر لاشوں کو باہر نکالنے کے عمل پر اسرائیل کو عالمی دباو کا سامنا تھا، جس سے مجبور ہوکر بالآخر فلسطینیوں کی 100 لاشیں واپس کرنے پر مجبور ہوگیا۔ ان میں سے بعض کی صرف باقیات ہی ملی ہیں۔ ان لاشوں کو کریم شالوم کراسنگ کے ذریعے واپس لایا گیا۔ ان لاشوں میں چند ہی کے جسم مکمل ہیں۔ زیادہ تر کے صرف دھڑ ہیں اور کچھ کے تو اعضا ہی دیئے گئے ہیں۔ جس سے ان کی شناخت ممکن نہیں۔
خبر کا کوڈ : 1112975
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش