1
Saturday 3 Feb 2024 21:16

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ غیر شرعی نکاح کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی، سینیئر سول جج قدرت اللہ نے بشری بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی درخواست پر اڈیالہ جیل میں سماعت کے بعد گذشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 39 روز کی عدت والا فیصلے کا اس کیس میں اطلاق نہیں ہوتا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا عدت کے دوران نکاح کرنا ثابت ہوگیا اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 496 کی خلاف ورزی پر ملزمان کو 7، 7 سال قید اور 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 496 کے تحت غیر قانونی نکاح ثابت ہوتا ہے اور جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید 4 ماہ سزا بھگتنا ہوگی۔

2۔ اردن ڈرون حملے کے جواب میں خفت مٹانے کی امریکی کوشش، امریکی فضائیہ کے عراق اور شام میں 85 مقامات پر فضائی حملے، امریکی حکام نے مقاومتی محاذ کے اہداف پر مزید حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ حملے امریکی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے جواب میں کیے گئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارا ردعمل آج سے شروع ہوا ہے اور یہ مستقبل میں بھی ہمارے منتخب کردہ وقت اور مقام پر جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ امریکی حکام نے ملکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا تھا کہ ڈرون حملے میں 3 فوجی ہلاک اور 2 درجن سے زائد اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

3۔ شام میں تعینات ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ شام اور عراق پر امریکی حملوں کا مقصد تکفیری دہشت گردوں کی مدد کرنا ہے، دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر حسین اکبری نے گذشتہ رات عراق اور شام میں اسلامی مزاحمتی گروہوں کے مختلف مراکز پر امریکہ کی دہشت گردانہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد تکفیری دہشت گرد عناصر کی حمایت کرنا اور ان کے حوصلے بلند کرنا ہے۔ انہوں نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا: "گذشتہ رات امریکی حکومت کی جانب سے انجام پانے والے دہشت گردانہ اقدامات کا اصل مقصد غزہ جنگ میں اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم کو ہونے والی شکست کا ازالہ کرنا اور عراق اور شام کے سرحدی علاقوں میں خلا پیدا کرکے تکفیری دہشت گرد عناصر کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

4۔ یمن کی اسلامی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ ہم فلسطین، عراق اور شام کے مزاحمتی گروہوں کے ساتھ کھڑے ہیں، انصار اللہ کے رہنماء نے کہا ہے کہ یمن ان تحریکوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ علی القحوم نے کہا ہے کہ ہم عراق، شام، فلسطین اور خطے میں مزاحمتی تحریکوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اپنی یکجہتی پر زور دیتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ ہم اب بھی میدان جنگ میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ واضح رہے کہ عراقی مسلح افواج اور شام نے حملوں کو داعش کو تقویت دینے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے امریکی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ 

5۔ اسماعیل ہنیہ کی جھاد اسلامی اور پاپولر فرنٹ کے رہنماوں سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں، حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اور اسلامی جہاد تحریک کے سیکرٹری جنرل النخالہ نے پیرس کے اجلاس میں غزہ کی پٹی میں دوبارہ جنگ بندی کے لیے فلسطینی مزاحمت کی جانب سے پیش کی گئی قطعی شرائط کے متعلق بات چیت کی ہے۔ رہنماوں نے کہا کہ اس حوالے ہر صورت میں مذاکرات کا نتیجہ دشمن کی جارحیت کو مکمل طور پر خاتمہ ہونا چاہیئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے پیرس پلان کے اعلان کے بعد غزہ کی پٹی میں نئی جنگ بندی کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے متعدد خبریں شائع ہوئی تھیں۔ کل جمعہ کو "اسماعیل ہنیہ" نے سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اس سلسلے میں حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور تحریک جہاد اسلامی کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ نے غزہ کے خلاف دشمن کی جارحیت کو ختم کرنے سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

6۔ سعودی عرب میں سرکاری ادارے کے سربراہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار، عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی اینٹی کرپشن اتھارٹی نے قبل از اسلام کے ثقافتی ورثے کی دیکھ بھال اور نگرانی کے ادارے کے چیف ایگزیکٹو افسر امر بن صالح عبدالرحمن ال مدنی کو کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر گرفتار کیا۔سعودی حکام کے مطابق امربن صالح نے اپنے سرکاری عہدے اور اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایسی کمپنی کو ٹھیکے دلوائے، جس کے وہ شریک مالک تھے۔ کرپشن میں معاونت پر امر بن صالح کے قریبی رشتے دار سمیت دیگر 3 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

7۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ریلوے اسٹیشن پر چاقو حملے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ چاقو بردار کے حملے سے پیرس کے سب سے بڑے اور مصروف ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے دوڑ پڑے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر چاقو بردار حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ چاقو حملے میں زخمی تین افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1113678
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش