0
Tuesday 11 Jun 2024 21:32

اسکردو میں عظمت شہداء و حمایت فلسطین کانفرنس کی ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: لیاقت علی انجم 

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سکردو میں سالانہ عظمت شہداء و حمایت فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں جماعت کے مرکزی و صوبائی قائدین سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ کانفرنس سےعلامہ راجہ ناصر عباس جعفری چئیر مین ایم ڈبلیو ایم، سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی، شیخ نئیر عباس مصطفوی، رکن اسمبلی اکبر علی رجائی، علامہ مشتاق حکیمی، شیخ علی محمد کریمی، علامہ میرزا یوسف حسین، سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے شہداء اسلام کو خراج عقیدت و سلام پیش کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ہر سال سکردو یادگار شہدا پر یہ کاںفرنس منعقد کرتی ہے۔ کانفرنس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ تحریک انصاف کے مقامی رہنما، انجمن امامیہ بلتستان کے صدر سید باقر الحسینی، گلگت بلتستان عوامی تحریک کے رہنماؤںں نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس میں ملت کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے  ساتھ ساتھ فلسطین کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملت کے شہدا کو اب تک قانون کی گرفت میں نہ لانے اور ریاست کی جانبدارانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ کانفرنس میں کہا گیا کہ گرین ٹورزم کے نام پر گلگت بلتستان کی زمینصں اور وسائل پر قبضہ کرنے کی کوششوں کو ہر حال میں ناکام بنایا جائے گا۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی قائدین نے تحریک انصاف اور خصوصاً عمران خان کا ہر حال میں ساتھ دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔  مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے زیر اہتمام عظمت شہداء و حمایت فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام غیور اور باہمت ہیں، اپنا اور اپنے حقوق کا دفاع کرنا جانتے ہیں، گلگت بلتستان کی زمینوں پر قبضہ ہو رہا ہے، ہم مرجائیں گے لیکن اپنی زمینوں پر قبضہ ہونے نہیں دیں گے، ہمارے حقوق پامال ہو رہے ہیں، ہمارے حقوق غصب ہوتے رہیں گے تو ہم اٹھیں گے اور اپنے حقوق کا دفاع کریں گے، ظالم کے آگے سر نہ جھکانا اصلی دستور زندگی ہے، ہم کبھی ظالموں کے سامنے نہیں جھکیں گے، ظالم کے سامنے سر خم تسلیم یزیدیت ہے، حسینیت میں غلامی کی گنجائش نہیں۔
 
 اس وقت جی بی کے اندر زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنا ظلم ہے، پہاڑ ،دریا زمین جی بی کی عوام کے ہیں، طاہر القادری صاحب پر جب ظلم ہوا تب بھی ہم نے ڈٹ کر ان کا ساتھ دیا، عمران خان کے ساتھ ایک اصول کے تحت کھڑا ہوں اور کھڑا رہونگا، میں نے عمران خان کا ساتھ دیا تو کوئی ڈر نہیں ہے، میں اپنے سینے میں گولی کھاؤں گا، جو بھی ظالم ہے، اس کے خلاف کھڑا رہوں گا، پہاڑ ،دریا زمین گلگت جی بی کی عوام کا حق ہے، عوام کا حق ہے کہ وہ پسند کا حکمران چنیں، 8 فروری کو پاکستان کے عوام کے حقوق کو پامال کیا گیا، تم جیلر نہیں کہ وفاداروں کو جیل میں ڈالیں، ہماری بیٹیوں کے شوہر لاپتہ ہیں، کتنا ظلم ہے، ہمارے جوان اور سیاسی کارکنان بے قصور جیلوں میں ہیں۔
 
عدت کا جھوٹا کیس بنا کر عمران خان کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے جو کہ شرعی اصولوں کے خلاف ہے، گلگت بلتستان کے عوام 76 سال سے پاکستان میں شامل ہونا چاہتے ہیں نہیں بنا رہے، یہاں کی زمینوں، معدنیات، پانی کے مالک گلگت بلتستان کے عوام ہیں، جو پاکستان کو توڑنا چاہتے ہیں ہم انہیں توڑ دیں گے، عوام کا ہر طرف سے گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، معدنیات پر کام کرنے والوں کو کام کرنے نہیں دیا جا رہا، گلگت بلتستان کے تمام فرقے ایک جان کے مانند ہیں، دیامر بھاشا ڈیم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے ساتھ کوئی بھی زیادتی برداشت نہیں کریں گے، ہم آپ کے حقوق کی جنگ لڑیں گے، ہم آپ کے ترجمان ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ فلسطین کی طرح باہر کے لوگ آ کر مالک بن جائیں اور مقامی لوگ انکے ملازم ہوں، 
 
بلاسٹنگ مواد پر پابندی عوام پر ظلم ہے، یونیورسٹی کے نام پر پانچ سو کنال کو پانچ ہزار کنال بنا کر قبضہ کیا جا رہا ہے، ایک سازش کے تحت مالک کو نوکر اور نوکر کو مالک بنا یا جا رہا ہے، میں اپنے سینے میں گولی کھاؤں گا مظلوم کو بچانے کی کوشش کروں گا، فلسطین کے عوام ہمارے سر کا تاج ہے، فلسطینیوں کی صبر و استقامت ہمارے لئے نمونہ عمل ہے، غزہ کے مظلوم صبر کا پیکر ہیں، لاشیں زمین پر پڑی ہوئی ہیں لیکن اف تک ان کی زبان پر نہیں ہے، ساری دہشت گرد تنظیمیں امریکہ کی بنائی ہوئی ہیں، فلسطینی کاز کی امام خمینی نے ترجمانی کی کہ وہ مظلوم ہیں اور یہی سید الشہداء حضرت امام حسین ع کا درس ہے کہ مظلوم کے حامی و ناصر رہنا ہے، اس وقت سارے مظلومین متحد اور یکجا ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہم ظالموں کے ساتھ نہیں ہیں ہمیں فخر ہے کہ ہم ظالموں کو جا کر نہیں ملتے، ہمارے لیئے باعث عزت و وقار ہے کہ ہمارا لیڈر بہادر، بابصیرت، مدبر و عوام کا محبوب ترین رہنما ہے، ہمیں سید علی خامنہ ای کی لیڈرشپ پر فخر ہے۔
 
 اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی میثم کاظم نے عظمت شہداء و حمایت فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام پر عزم افراد کو سلام پیش کرتا ہوں جو اصولی مؤقف پر ڈٹے رہے، ہمیں جمہوری جدوجہد سے نہ روکا جائے، ہم جمہوری روش سے ہٹ کر ذاتی انا کی پالیسی کو یکسر مسترد کرتے ہیں، اپنی سر زمین کے انچ انچ، چپے چپے کی حفاظت کریں گے، یہ میری سر زمین ہے اس پر کوئی بھی آئین وقانون یہاں کی عوامی منشاء کے مطابق بنے گا، گلگت بلتستان کی زمینوں پر قبضے کی کوشش ہو رہی ہے، عوامی و علاقائی وسائل پر قابض نہیں ہونے دیں گے، اس ملک کو بنایا تھا ہم ہی اسے بچائیں گے اور اس کی آبیاری کرتے رہیں گے۔ قراقرم بینک پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، معدنیات پر قبضہ ہو تو ہم خاموش نہیں رہیں گے، ہم قیدی نمبر 804 کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، صوبائی حکومت میں بیٹھے نمائندے آلہ کار ہیں، ہم گرین ٹورزم پر حکومت سے مباحثہ کرنے کا چیلنج کرتے ہیں۔
 
کانفرنس سے سید ناصر عباس شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا پانی پورے ملک کو سیراب کرتا ہے لیکن خود گلگت بلتستان والے پیاسے ہیں، پانی سے مالا مال خطے میں بیس 20 گھنٹے بجلی لوڈ شیڈنگ انتہائی ظلم ہے، گرین ٹورازم کے نام پر بلیک ٹورازم کو فروغ دے رہے ہیں۔ پر امن جدوجہد کے راستے بند نہ کرو یہ قوم باہمت قوم ہے اپنا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس کے ساتھ کھڑے ہونا بڑا مختلف ہے۔ اس لیے کہ جب آپ مجلس وحدت المسلمین کے ساتھ ہوتے ہیں تو اس مطلب یہ ہے کہ آپ پارا چنار میں بہتے لہو کی آواز بلند کر رہے ہوتے ہیں، آپ شہداء کوئٹہ کے ترجمان بن رہے ہوتے ہیں، جب آپ مجلس وحدت کے ساتھ ہوتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے سانحہ لولوسر اور چلاس کو نہیں بھولنا ہے۔ کانفرنس کے آخر میں گلگت بلتستان کے صوبائی صدر آغا علی رضوی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا، اور شہداء کے رستے پر چلنے کا عزم و اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارے سروں کا تاج ہیں اور ہمارے لئے مشعل رہ ہیں۔  قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1141092
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش