0
Thursday 24 Jul 2014 21:48

اسرائیلی جارحیت، ایجیک (ق)، ڈاکٹرس ایسوسی ایشن 25 جولائی کو مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منائے گی، عبد القیوم وانی

اسرائیلی جارحیت، ایجیک (ق)، ڈاکٹرس ایسوسی ایشن 25 جولائی کو مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منائے گی، عبد القیوم وانی
اسلام ٹائمز۔ جے سی سی لیڈر اور ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ عبدالقیوم وانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریاستی ملازمین نے جمعہ 25 جولائی کو سرکاری دفاتر پر کالے جھنڈے لہرانے اور سیاہ پٹیاں باندھنے کا فیصلہ کیا ہے، ادھر ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف 25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ متعدد سماجی اور سیاسی جماعتوں کے علاوہ ملازم انجمنوں نے غزہ میں ہورہے قتل و غارت کے خلاف احتجاج کیا ہے، ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے اسرائیلی حملوں میں معصوم فلسطینیوں کی شہادت کو انسانیت سوز حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اور نیم طبی عملہ فلسطینی عوام کے قتل عام کے خلاف 25 جولائی کو یوم سیاہ کے طور منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اس وقت بدترین انسانی بحران سے دو چار ہے جہاں لوگ کھانے، پانی، بجلی اور ادویہ جیسی ضروری چیزوں سے محروم ہیں، ڈاکٹر نثار الحسن نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں 18 لاکھ شہریوں کو یرغمال بنایا ہے جن پر بے تحاشہ فضائی، سمندری اور زمینی حملے جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے 18 میڈیکل سینٹروں بشمول الاقصیٰ اسپتال پر حملے کر مریضوں اور طبی عملے کو ہلاک کیا جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو ڈاکٹر اور نیم طبی عملے سے وابستہ ملازمین اسرائیلی جارحیت کے خلاف سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کریں گے، در ایں اثنا تحریک وحدت اسلامی کے سربراہ نثار حسین راتھر نے اپنے بیان میں عوام کو جمعہ کو یوم قدس کے موقعہ پر فلسطینیوں کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں، اس دوران جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا ہے کہ غزہ پر صیہونی بربریت کا سلسلہ امریکی آشیرواد کا نتیجہ ہے، انہوں نے غزہ میں جاری صیہونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری خصوصاً اسلامی ممالک کی خاموشی پر سخت افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں کی مدد کے لئے کوئی بھی تیار نہیں اور ناقابل یقین بات تو یہ ہے کہ سلامتی کونسل، عالمی برادری بھی اسرائیلی بربریت نہیں رکوا سکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 401284
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش