0
Wednesday 9 May 2018 18:57

مولانا فضل الرحمٰن اور اچکزئی فاٹا اصلاحات کی مخالفت بند کریں، حامد رضا

مولانا فضل الرحمٰن اور اچکزئی فاٹا اصلاحات کی مخالفت بند کریں، حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفٰی متحدہ محاذ کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بھارت کیساتھ کاروباری تعلقات سکیورٹی رسک ہیں، قوم بھارت نواز عناصر کو الیکشن میں مسترد کر دے گی، خلائی مخلوق کی نواز شریف کی سرپرستی اصغر خان کیس سے ثابت ہو رہی ہے، ڈاکو راج بیس دنوں کا مہمان ہے، فاٹا اصلاحات پر فوری عملدرآمد قومی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور اچکزئی فاٹا اصلاحات کی مخالفت بند کریں، نواز شریف کی مظلومیت کا ڈرامہ فیل ہو گیا ہے، منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی دولت بیرون ملک منتقل کرنیوالا مظلوم نہیں ظالم ہے، کوئی مضبوط امیدوار نون لیگ کا ٹکٹ لینے کیلئے تیار نہیں ہے، جی ٹی روڈ کی پارٹی، الیکشن کے بعد جاتی امرا تک محدود ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوسری جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مشاورت کے لئے بلائے گئے سنی اتحاد کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں عوام کو عدلیہ اور فوج نے ریلیف اور حکومت نے تکلیف دی ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق طے کرنے کے لئے اے پی سی طلب کی جائے۔ سیاسی تصادم روکنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کو سیاسی اخلاقیات کی پاسداری کرنی چاہیئے۔ عدلیہ کی طرف سے اسحاق ڈار کی سینیٹ رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ شریف خاندان پچھلے تیس سالوں سے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔ نون لیگ کو شکست دینے کے لئے کرپشن مخالف جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہے۔ نواز شریف اشتعال انگیز تقریروں کے ذریعے سیاسی ماحول میں تلخی پیدا کر رہا ہے۔ فوجی گملوں میں پرورش پانے والا کس منہ سے خلائی مخلوق کی باتیں کر رہا ہے۔ قربانیاں دینے والی فوج پر الزام تراشی کرنا ملک سے غداری اور بھارت سے وفاداری ہے۔ شریف خاندان ملکی قانون نہیں، قانون قدرت کی پکڑ میں آ چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 723445
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش