0
Thursday 17 May 2018 12:09

بلوچستان کو پسماندہ رکھنے میں سیاسی جماعتوں کا ہاتھ رہا ہے، جام کمال عالیانی

بلوچستان کو پسماندہ رکھنے میں سیاسی جماعتوں کا ہاتھ رہا ہے، جام کمال عالیانی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر میر جام کمال خان عالیانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو پسماندہ رکھنے میں سیاسی جماعتوں کا ہاتھ رہا ہے۔ جب تک ہم اکھٹے ہوکر اپنے حقوق حاصل کرنے کی بات نہیں کریں گے، اس وقت تک ہمارے حقوق ہمیں نہیں ملیں گے۔ ہم ہر اس سیاسی جماعت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، جو بلوچستان کے حقوق حاصل کرنے میں ہمارا ساتھ دے گی۔ پاکستان کے آئین کے اندر رہتے ہوئے سب کو حقوق حاصل ہے۔ انہوں نے یہ بات پی ٹی آئی کے سابقہ کوآرڈینیٹر استاد محمد عظیم کاکڑ کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میر جام کمال نے کہا کہ ہمارے نزدیک سب سے اہم بات یہ ہے کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔ زبانی جمع خرچ کچھ نہیں کیا جائے، بلکہ عملی طور پر کام کیا جائے۔ ہماری پارٹی کا منشور جاری ہوچکا ہے۔ عوام کو اب فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس پارٹی میں جائیں گے۔ میں صدارت سمیت کسی بھی منصب کا امیدوار نہیں تھا۔

تمام دوستوں نے مجھ پر جو ذمہ داری ڈالی ہے اور صدارت کا منصب دیا ہے، میں انشاءاللہ کوشش کرونگا کہ بلوچستان کے عوام کی خدمت کروں۔ جہاں تک کسی اور منصب ملنے کی بات ہے، وہ وقت آنے پر جو فیصلہ بھی ہوگا، صلاح و مشورے سے کیا جائے گا۔ آئندہ بلوچستان کے فیصلے اسلام آباد، کراچی یا لاہور میں نہیں ہوں گے، بلکہ بلوچستان میں ہونگے۔ جب تک بلوچستان کے فیصلے یہاں نہیں ہوں گے، اس وقت تک بلوچستان ترقی نہیں کریگا۔ جلد ہی ہرنائی اور دیگر علاقوں میں بلوچستان عوامی پارٹی کی جلسے کئے جائیں گے اور آنیوالے انتخابات میں پارٹی کو مضبوط بناکر پیش کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 725332
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش