0
Friday 22 Jun 2018 10:23

این سی اور پی ڈی پی ہاتھ ملاکر بھارت کو بتائیں کہ کشمیری بے وقعت نہیں ہیں، انجینئر رشید

این سی اور پی ڈی پی ہاتھ ملاکر بھارت کو بتائیں کہ کشمیری بے وقعت نہیں ہیں، انجینئر رشید
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے نئی دہلی کے ساتھ ایک خاموش سمجھوتے کے تحت ہر وقت اس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور اسے کشمیریوں کے جذبات و احساسات اور خواہشات کو روند ڈالنے کی کھلی چھوٹ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں 1996ء سے آج تک سیاسی یا انسانی حقوق کے حوالے سے ایک بھی اپنا کارنامہ پیش کرکے دکھائیں۔ سرینگر میں ایک پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ اگرچہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ مخلوط حکومت کا ٹوٹ جانا کشمیریوں کی مزاحمت کی جیت ہے، تاہم جس طرح بی جے پی نے ہر کسی، بالخصوص پی ڈی پی کو حیران کرتے ہوئے حکومت سے اپنی حمایت واپس لی وہ ریاست کی ان علاقائی جماعتوں کے لئے زوردار طمانچے سے کم نہیں ہے کہ جو ریاست کی خصوصی پوزیشن اور دیگر مفادات کے لئے لڑتے رہنے کی جھوٹی دعویداری سے لوگوں کو بیوقوف بناتی آ رہی تھیں۔

انجینئر رشید نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی دونوں ہی بی جے پی کے محبوبہ مفتی کی حکومت سے حمایت واپس لینے کے نفسیاتی پہلو کو سمجھنے میں ناکام نظر آرہی ہیں، حالانکہ یہ بات ایک بار پھر ثابت ہو گئی ہے کہ جموں کشمیر میں کسی کی بھی حکومت ہو نئی دہلی کے لئے اس کی حیثیت ایک ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں ہے۔ عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ جو کچھ بی جے پی نے ابھی کیا ہے اگر ایسا کچھ بھی جموں و کشمیر سے باہر کسی ریاست میں ہوا ہوتا تو بھاجپا کی اس اخلاقی بد دیانتی نے وہاں کی سبھی طاقتوں کو ایک کردیا ہوتا۔
خبر کا کوڈ : 732812
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش