0
Saturday 23 Jun 2018 18:55

طاہرالقادری کے بعد جے یو پی (نیازی) نے بھی الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا

طاہرالقادری کے بعد جے یو پی (نیازی) نے بھی الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی کی زیرصدارت مجلس عاملہ اور شوریٰ کے مشترکہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور انتخابی معاملات پر غور و غوض کے بعد الیکشن کمشن اور نیب کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ احتساب کے بغیر انتخابات بے معنی ہوں گے۔ پانامہ کیس سمیت کسی بھی مقدمے کا ابھی تک کوئی فیصلہ آیا ہے اور نہ ہی کرپٹ عناصر کو کسی قسم کی سزا سنائی گئی ہے۔ سب سے بڑا قومی مجرم نواز شریف بیوی کی بیماری کا بہانہ بنا کر لندن میں بیٹھ گیا ہے، کرپشن کے خاتمے کیلئے دھرنے دینے والی پارٹیاں بھی اسی کرپٹ نظام کے تحت انتخابات میں حصہ لے کر قوم کو مایوس کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو فرقہ وارانہ کالعدم جماعتیں بھی نئے ناموں سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، ایک کو اقوام متحدہ کی ہدایت پر دہشتگرد قرار دیا گیا تو دوسری معصوم لوگوں کے قتل میں ملوث ہونے پر جنرل مشرف کے دور سے کالعدم قرار دی گئی ہے۔ جے یو پی نے پہلے بھی قومی اداروں خاص طور پر عدلیہ سے اپیل کی تھی کہ کرپٹ عناصر کا راستہ روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، مگر کوئی موثر اقدام نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمشن کی زیر نگرانی انتخابی عمل جاری ہے۔ مگر کسی کرپٹ لیڈر کے کاغذات نامزدگی مسترد نہیں کئے گئے۔ جس کا مطلب ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کو غیر موثر کرکے احتساب کے عمل کو بھی ناکارہ کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ احتساب کا عمل کچھوے کی چال چل رہا ہے جبکہ کرپشن کی رفتار راکٹ سے بھی زیادہ تیز ہو چکی ہے۔ جن لوگوں نے قومی دولت کو لوٹا انہیں عدالتی کٹہرے میں نہیں لایا جا سکا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ جے یو پی نیازی کے ملک بھر سے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی احتجاجاً واپس لے لیں کیونکہ کرپشن کو تحفظ دینے والے نظام کا حصہ نہیں بنیں گے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ الیکشن کا مطلب عوامی احتساب ہے، جو نظر نہیں آ رہا، عمران خان اور ان کی جماعت کرپشن کے نظام کا حصہ بن کر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے تو وہ اپنے دھرنے کے مقاصد کو نظر انداز کر رہے ہیں، وہ وزیر اعظم بن بھی جائیں تو نظام کو درست نہیں کر سکتے۔
خبر کا کوڈ : 733100
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش