0
Wednesday 4 Jul 2018 19:38

افغانستان، ٹی ٹی پی کا سرکردہ کمانڈر عمر رحمٰن امریکی ڈرون حملے میں ہلاک

افغانستان، ٹی ٹی پی کا سرکردہ کمانڈر عمر رحمٰن امریکی ڈرون حملے میں ہلاک
اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرکردہ کمانڈر عمر رحمٰن فاتح ساتھیوں سمیت سرحد پار افغانستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گیا ہے۔ سرحد پار افغانستان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عمر رحمٰن المعروف فاتح ساتھیوں سمیت افغانستان کے سرحدی صوبے کنڑ کے گاؤں کام بازاری میں احمد واتی کے گھر پر موجود تھا، جب ان کو منگل کے روز امریکی ڈرون طیارے کے ذریعے دو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ میزائل حملے کے نتیجے میں عمر رحمٰن ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔ کابل میں بدھ کے روز وزارت دفاع کے ترجمان نے پاکستانی شدت پسند کمانڈر کے ساتھیوں سمیت امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

تاہم ترجمان نے عمر رحمٰن کے دیگر ساتھیوں کی تعداد اور شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ لگ بھگ تین ہفتوں کے دوران عمر رحمٰن فاتح دوسرا بڑا خطرناک شدت پسند تھا جس کو ساتھیوں سمیت امریکی ڈرون نے نشانہ بنایا۔ پچھلے مہینے 13 اور 14 جون کی درمیانی شب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ بھی افغانستان کے اسی سرحدی صوبے میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں مارا گیا تھا۔ ملا فضل اللہ کے مرنے کے بعد عمر رحمٰن کو تحریک طالبان کا عارضی سربراہ بنا دیا گیا تھا، تاہم چند روز قبل جنوبی وزیرستان کے محسود قبیلے سے تعلق رکھنے والے شدت پسند نور ولی کو تحریک طالبان پاکستان کے مستقل سربراہ کے طور پر نامزد کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 735701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش