0
Saturday 21 Jul 2018 09:23

نظریہ پاکستان کے محافظ میدان میں نکل آئے ہیں، سیف اللہ خالد

نظریہ پاکستان کے محافظ میدان میں نکل آئے ہیں، سیف اللہ خالد
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے علاقے مزنگ میں انتخابی دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ نظریہ پاکستان کے محافظ میدان میں نکل آئے ہیں، اب نظریہ کامیاب ہوگا، اگر آپ چاہتے ہیں کہ ملک میں نظریہ پاکستان پروان چڑھے تو کرسی پر مہر لگائیں، عوام حالیہ انتخابات میں کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کرنیوالوں کو مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میدان سیاست میں ایسے حالات میں اترے ہیں کہ کرپشن عروج پر ہے، ملکی خزانے کو جاگیر سمجھ کر لوٹ مار کی جا رہی ہے، نصاب تعلیم سے نظریہ پاکستان اور اسلامی تاریخ کو نکال دیا گیا ہے، نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے دور کرنے اور فحاشی و عریانی پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، پاکستانی قوم ایسا کردار ادا کرنیوالوں کو بری طرح مسترد کر دے گی۔

سیف اللہ خالد نے کہا کہ پاکستان کو اندھیروں سے نکالیں گے، عوامی مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے، نظریہ پاکستان اور کشمیریوں سے بے وفائی کرنیوالوں کو عوام مسترد کردیں گے، ہم شرافت، دیانت اورامانت کی سیاست کرنے آئے ہیں، ہم آئین و قانون کا احترام کرنیوالے لوگ ہیں، سیاست میں دوسروں کی پگڑیاں اچھالنا درست نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ جس پاکستان کا تصور علامہ اقبالؒ نے پیش کیا تھا اور قائداعظمؒ نے تحریک چلا کر پاکستان بنایا آج ہم اسی تحریک کو آگے بڑھائیں گے، جو جذبے پاکستان بنانے والوں کے تھے انہی جذبوں سے ملک کا دفاع کر یں گے۔ انہوں نے کہاکہ سیاست میں محمد رسول اللہ (ص) ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں، ہم نے خدمت کا کام بھی دین اورایمان کے جذبوں سے کیا، سیاست بھی اسی طرح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر پہلے بھی قوم متحد ہوئی آج بھی اسی بنیاد پر ملک میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کریں گے، ہماری سیاست خدمت انسانیت ہے، ہم ملک میں نظریہ پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے میدان میں نکلے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 739122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش