0
Friday 24 May 2024 14:10

پشاور، شہید ابراہیم رئیسی و رفقاء کی یاد میں مجلس ترحیم

پشاور، شہید ابراہیم رئیسی و رفقاء کی یاد میں مجلس ترحیم
رپورٹ: سید عدیل زیدی

اسلامی جمہوریہ ایران کے شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے دیگر رفقاء کی شہادت کے اندوہناک اور دلسوز سانحہ نے پاکستانی عوام و خواص کے دلوں کو بھی رنجیدہ کر دیا ہے، شہادت کے روز سے لیکر اب تک ملک کے مختلف مقامات پر شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعائیہ تقریبات، ایرانی سفارتکاروں کیساتھ تعزیت، مجالس ترحیم اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کیونکہ شہید سید ابراہیم رئیسی کی شخصیت کا اثر صرف ایران کی حدود تک ہی نہیں تھا بلکہ انہیں امت مسلمہ کے لیڈر کے طور پر دیکھا جانے لگا تھا۔ خاص طور مسئلہ فلسطین پر دلیرانہ موقف و اقدامات، حرمت قرآن مجید کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے تاریخی خطاب اور شہادت سے لگ بھگ ایک ماہ قبل دورہ پاکستان کی وجہ سے انہوں نے پاکستانیوں نے دلوں میں بھی گھر کرلیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شہادت کا درد پاکستان میں بھی اپنے برادر اسلامی ملک کی طرح ہی محسوس کیا جا رہا ہے۔

سید ابراہیم رئیسی اور ان کے شہید رفقاء کی یاد میں پشاور کی معروف دینی درسگاہ جامعہ شہید عارف حسین الحسینی میں مدرسہ انتظامیہ اور مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کی جانب سے مجلس ترحیم کا اہتمام کیا گیا۔ اس مجلس ترحیم میں جامعہ شہید عارف حسین الحسینی کے مدیر، مجلس وحدت مسلمین کی شوریٰ عالی کے رکن اور استاد العلماء سابق سینیٹر علامہ ڈاکٹر سید محمد جواد ہادی، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری، مدرس جامعہ شہید عارف حسین الحسینی علامہ سید جمیل حسن شیرازی، علامہ عابد حسین شاکری، صوبائی سیکرٹری مالیات ایم ڈبلیو ایم علامہ نذر علی روحانی، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی، ضلعی صدر پشاور مولانا سید تقی زیدی سمیت کثیر تعداد میں عوام نے بھی شرکت کی۔ سب سے پہلے شہید آیت اللہ رئیسی اور ان کے رفقاء کے بلندی درجات کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔

مجلس ترحیم سے مدرس جامعہ شہید عارف حسین الحسینی مولانا جمیل حسن شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے شہید رئیسی اور ان کے رفقاء کی المناک شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید رئیسی عالم اسلام کے ابھرتے ہوئے ایک عظیم رہبر و رہنماء تھے، آپ کی شہادت سے عالم اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، شہید رئیسی کی شہادت سے پیدا ہونے والا خلا پر ہونا ناممکن ہے، لیکن انقلاب اسلامی کے رہبر عظیم الشان و رہنماء ماضی میں ایسے کئے المناک اور اندوہناک حادثوں کا شکار ہونے کے باوجود اپنے الہٰی مشن و مقصد میں سرخ رو ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عظیم شہید نے ملت ایران کیساتھ ساتھ جس طرح ملت اسلامیہ کی خدمت کی، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شہادت پر ایران کیساتھ ساتھ ہر درد دل رکھنے والا مسلم افسردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد اسلام شہید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت دنیا بھر کے مزاحمت کاروں اور مدافعین کی قوت میں مزید اضافے باعث بنے گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بلند فرمائے۔

مجلس ترحیم سے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے خطاب کرتے ہوئے شہید رئیسی کی زندگی کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی عالم اسلام کے عظیم رہنماء تھے، آپ مجاہدین اسلام کی قوت اور حوصلہ بن چکے تھے۔ شہید، رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے دست راست و ہمراز اور صیہونی طاقتوں کی آنکھ میں کانٹا بن چکے تھے۔ انہوں نے آپ کی شہادت کو تحریک آزادی قدس اور مدافعین حرم انبیاء و اہلبیتء پر کاری ضرب قرار دیا اور کہا کہ انقلاب اسلامی کی کمان انتہائی سنجیدہ مدبر، مجاہد اور قابل ترین افراد کے ہاتھوں میں ہے۔ رہبر معظم سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ کی مدبرانہ اور شجاعت سے بھری قیادت ایسے کئی بحرانوں سے ملت اسلامیہ کو احسن طریقے سے نکال پائی ہے، گو کہ شہید کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، لیکن ہمیں یقین ہے کہ حالیہ بحران پر بھی آسانی سے قابو پا لیں گے۔

علامہ جہانزیب علی جعفری نے مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور دنیا جہان کے مزاحمت کاروں کو مخاطب ہوکر یقین دلایا کہ ملت پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہے اور ولی فقیہ کے ایک اشارے پر لاکھوں فرزندان توحید لبیک کہنے کیلئے ہمہ وقت تیار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح شہید قاسم سلیمانی کی شہادت نے مقاومتی طاقتوں کو مزید قدرت مند کیا تھا اور استعماری ریاستیں پریشان ہوئی تھیں، اسی طرح شہید رئیسی کی شہادت بھی مقاومتی تحریکوں کیلئے مزید مضبوطی کا باعث بنے گی اور اپنے رہبر کی قیادت میں ہم یہ سفر احسن انداز میں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر علامہ جہانزیب علی جعفری نے مصائب آل محمدؑ بیان کئے۔ آخر میں علامہ عابد حسین شاکری نے شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور ان شہید رفقاء کے بلندی درجات کی دعا کی اور تمام شرکائے مجلس کی جانب سے عالم اسلام خصوصاً رہبر معظم سید علی خامنہ ای، مزاحمت کاروں، مدافعین اور ملت ایران کو تعزیت و تسلیت پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 1136994
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش