0
Saturday 9 Dec 2017 00:12

دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام جنوبی پنجاب بھر میں امریکہ مخالف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام جنوبی پنجاب بھر میں امریکہ مخالف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں
رپورٹ: ایم ایس نقوی

اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل اور جماعة الدعوة کی اپیل پر جنوبی پنجاب بھر میں امریکہ کی طرف سے پروشلم کو اسرائیل کا دارلحکومت تسلیم کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے، ریلیاں نکالی گئیں اور یوم تحفظ بیت المقدس منایا گیا۔ خطبات جمعہ کے دوران علمائے کرام اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے تحفظ بیت المقدس، یہودیت اور صیہونیت کے گٹھ جوڑ کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا اور مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔ ملتان، بہاولپور ،وہاڑی، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، رحیم یار خان، بھکر و دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں و ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی، شہریوں نے قبلہ اول کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے کا عزم کیا۔ ملتان میں دفاع پاکستان کونسل اور جماعة الدعوة کے تحت مقبوضہ بیت المقدس کے متعلق امریکی صدر کے حالیہ اعلان کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ ملتان میں پندرہ سے زائد مقامات جن میں منظور آباد، جامع مسجد امیر حمزہ نزد کوکا کولا فیکٹری، بی سی جی چوک، 17 کسی، سمیجہ آباد، چوک کمہاراں، اللہ شافعی چوک، خونی برج، جامع مسجد توحید بوہڑ گیٹ، توحید مسجد ترین روڈ، گلشن مارکیٹ، قاسم بیلہ، مظفرآباد مل پھاٹک، بدھلہ سنت، قادرپور راں، شجاع آباد، مخدوم رشید و دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

منظور آباد چوک اور اللہ شافعی چوک پر بڑے احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے بینرز، پینافلیکسز اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکہ، اسرائیل مخالف اور فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے، مظاہرین نے امریکہ، اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین میں امریکی صدر کے یروشلم کے حالیہ اعلان کے خلاف شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔ مظاہرے کے شرکاء، علماء اور خطباء کا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کریں۔ مسلمانوں کے لئے بیت المقدس کے دروازے بند کر دیئے گئے ہیں، امریکہ کا اعلان دنیا کے مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ ہے، یہ کافروں کا گٹھ جوڑ ہے، مسلمان بیدار ہو چکے ہیں، پاکستانی قوم بیت المقدس کی حفاظت کے لئے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہے، امریکی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

جماعتہ الدعوہ ملتان کے مسئول اور جماعتہ الدعوہ کے رہنما میاں سہیل احمد نے قادرپور راں میں اپنے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کوئی عام جگہ نہیں بلکہ یہ مسلمانوں کی محبتوں کا محور ہے، امریکی صدر کے متنازع فیصلے سے پوری امت مسلمہ کے دل زخمی ہوئے ہیں، امریکہ و اسرائیل کا گٹھ جوڑ دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے، امریکی صدر اپنا احمقانہ فیصلہ واپس لے ورنہ اس کے سنگین نتائج برامد ہونگے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا کو اس معاملہ پر کھڑا کر سکتا ہے، لہذا حکومت پاکستان انٹرنیشنل فورم پر اپنا بھرپور کردار ادا کرے، پاکستان میں تمام جماعتیں ملکر ایک مضبوط آواز اٹھائیں اور امریکہ کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کریں، اگر امریکہ اسرائیل اپنی مذموم حرکتوں سے بعض نہ آئے تو امت مسلمہ کے نوجوان صلاح الدین ایوبی کا دور دہرائیں گے۔

جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کے احتجاجی مظاہروں، ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے، عبداللہ عمیر، رانا عمر فاروق، ابو ہریرہ، رانا نصراللہ، عبدالرحمان سیاف، حافظ عبدالمنان، ابو احسان و دیگر کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو لڑانا اور کمزور کرنا یہودی سازش ہے، اگر آج بیت المقدس پر یہودی قبضہ ہے تو پھر کل سارے ملک لائن میں ہوں گے، کیونکہ ان کا یہی منصوبہ ہے، آج دنیا میں یہ باتیں پھیلا رہے ہیں کہ مدینہ یہودیوں کا ہے۔ تل ابیب میں جو نقشہ ہے اس میں مدینہ کو یہودیوں کی ریاست دکھایا گیا ہے، ٹرمپ نے وہ فیصلہ کیا جو پہلے کسی امریکی صدر نے نہیں کیا، یہ مسئلہ یہاں تک نہیں رکے گا بلکہ آگے تک جائے گا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیت المقدس کے مسئلے پر جتنی بڑی جنگ ہوتی ہے ہو جائے مسلمان تیار ہوں مسئلہ حل ہو جائے گا، پھر امریکہ خلیج سے نکلے گا، سمندر ہمارے آزاد ہو جائیں گے اور قبضے ختم ہوں گے تو تمام وسائل مسلمانوں کے پاس ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 688664
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش