0
Saturday 29 Aug 2009 11:30

بلیک واٹر تنظیم نے ڈیرے ڈال لئے،امریکی عزائم ناکا م بنا دینگے،منور حسن

بلیک واٹر تنظیم نے ڈیرے ڈال لئے،امریکی عزائم ناکا م بنا دینگے،منور حسن
لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکہ اسلام آباد میں ایک نیا گوانتاناموبے اور میرین ہاؤس تعمیر کرنا چاہتا ہے۔ امریکی پریس میں اس کی تفصیلات چھپ چکی ہیں کہ پینٹاگون کے ریکارڈ میں یہ بات ہے کہ اسلام آباد میں میرین ہاؤس تعمیر کیا جائے گا جہاں ایک ہزار میرین رکھے جائیں گے۔ اس کے لیے 18 ایکڑ زمین خریدی گئی ہے۔ امریکی سفارتکاروں نے اس خبر کو غلط قرار دیا ہے۔ انہیں اگر اس کی تردید کرنی ہے تو پاکستانی پریس کے بجائے امریکی پریس میں کرنی چاہیے جہاں اس منصوبے کی تفصیلات چھپی ہیں۔ پاکستانی اخبارات میں جو کچھ شائع ہوا ہے اس کا ذریعہ مغربی اخبارات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید منور حسن نے کہا کہ امریکیوں نے پاکستان کو اپنی کالونی سمجھ لیا ہے۔ بات صرف اسلام آباد کی نہیں کراچی اور پشاور کے قونصلیٹوں کا بھی یہی معاملہ ہے وہاں بھی توسیعی منصوبے اور میرینز کی تعداد بڑھانے کے تذکرے عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کا کام ملک کی آزادی و خود مختاری کی حفاظت کرنا ہے وہ نہ صرف بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں بلکہ اپنے چند روزہ اقتدار کے لیے ملک کے مفادات امریکہ کے ہاتھ فروخت کر رہے ہیں۔ امریکی سفیر کا کہنا کہ ’’ پاکستان کو دی جانے والی امریکی امداد کا حساب کتاب رکھنے کے لیے سفارتخانے میں توسیع ضروری ہے‘‘ بذات خود اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ امریکہ کو پاکستانی حکمرانوں کو دیئے جانے والے ڈالروں کے عوص یہاں ہر طرح کی من مانی کرنے کی کھلی چھوٹ ہے اور اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی سابقہ اور موجودہ خریدی گئی زمین ملا کر 56 ایکڑ بنتی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں دو سو مکانات کرائے پر لیے گئے ہیں جس کو خود امریکی سفیر نے تسلیم کیا ہے۔ اسلام آباد کے شہریوں نے مشاہدہ کیا ہے کہ ان مکانات میں ہیوی آلات اور مشینری لا کر رکھی جا رہی ہے جس سے ہمارے خدشات کو تقویت ملتی ہے۔ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور ملک کی آزادی پر کھلے عام حملہ ہو رہا ہو تو اس کے خلاف آواز اٹھانا اور عوام کو سڑکوں پر لانا تمام محب وطن جماعتوں اور شہریوں کا فرض بنتا ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ پاکستان کو چاروں طرف سے گھیرا جا رہا ہے۔ آج کل پاکستان میں بلیک واٹر تنظیم کی موجودگی کی بات کی جا رہی ہے کہ اس تنظیم نے پشاور اور اسلام آباد میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ بغیر ویزے کے چارٹر طیاروں میں آتے ہیں لیکن کوئی ان کا نوٹس لینے والا نہیں۔ حکومت کو جیسے اس کی خبر ہی نہیں۔ پاکستان غیر ملکی ایجنسیوں اور تنظمیوں کی چراگاہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلیک واٹر سی آئی اے اور ایف بی آئی کی طرز کی تنظیم ہے اور یہ سرکاری کے بجائے پرائیویٹ سیکٹر کی بدنام تنظیم ہے۔ اس تنظیم نے عراق اور افغانستان میں بے تحاشا ٹارگٹ کلنگ کی ہے۔پاکستان دشمنوں کے ناپاک ارادوں سے قوم کو آ گاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم ان اقدامات کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور قوم کو ساتھ ملا کر امریکی عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

خبر کا کوڈ : 10682
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش