0
Friday 10 May 2024 22:18

کراچی میں ہلاک ملزم بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر گینگ کا اہم ترین رکن نکلا

کراچی میں ہلاک ملزم بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر گینگ کا اہم ترین رکن نکلا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پاکستان بازار پولیس کے ہاتھوں مارا گیا ملزم بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹنگ گینگ کا اہم رکن نکلا، ایس ایس پی ویسٹ کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ملزم شہر سے چوری و چھینی گئیں 33 فیصد موٹر سائیکل لفٹنگ کی وارداتوں اور ان کی منتقلی میں ملوث تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمٰن بگٹی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پاکستان بازار پولیس کے ہاتھوں مقابلے میں مارے جانے والا ملزم غلام رسول بروہی ولد میرحسن بروہی بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر گینگ کا اہم رکن اور ساکران کا رہائشی تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم روزانہ کی بنیاد پر شہر سے چوری اور چھینی گئیں 70 سے 80 موٹر سائیکلیں بلوچستان منتقل کرتا تھا، ہلاک ملزم اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس کے ٹاپ تین ملزمان میں سے ایک تھا، ہلاک ملزم شہر سے چوری اور چھینی گئیں 33 فیصد موٹر سائیکلوں لفٹنگ کی وارداتوں اور ان کی منتقلی میں ملوث تھا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ گزشتہ دنوں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے بھی ایک منظم موٹر سائیکل لفٹر گینگ کو گرفتار کیا تھا اس گینگ نے بھی چوری و چھینی گئیں موٹر سائیکلیں ہلاک ملزم کو دینے کا انکشاف کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک ملزم گزشتہ دو سال سے منظم طریقے سے کام کر رہا تھا اور اب تک ہزاروں کی تعداد میں چوری و چھینی گئی موٹر سائیکلیں بلوچستان منتقل کر چکا ہے، گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ تھا اور یہ ملزم پولیس مقابلے، ایکسپلوز ایکٹ اور موٹر سائیکل چوری کے 7 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا تھا۔ حفیٖظ الرحمٰن بگٹی کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزم پولیس کیلئے چیلنج بنا ہوا تھا اور ملزم کے مارے جانے کے بعد موٹر سائیکل لفٹنگ میں نمایاں کمی آئے گی، جتنے بھی موٹر سائیکل لفٹر پکڑے جا رہے ، سب کے پیچھے غلام رسول بروہی کا نام آرہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان چوری شدہ بائیکس ناردرن بائی پاس سے کیماڑی، منگھوپیر اور کچے کے راستے استعمال کرکے حب پہنچاتے تھے، ہلاک ملزم کی دیگر ملزمان سے نوری آباد میں ہوٹل پر ڈیلنگ ہوتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی جی آفس کوئٹہ سے بھی آئی جی سندھ نے رابطہ کیا ہے، ناردرن بائی پاس پر سات مقامات پر بیریئر لگائے ہیں، جہاں دو شفٹ میں ڈیوٹی دی جا رہی ہے، کچے کے علاقے میں کراچی اور بلوچستان کی سرحد کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور کوشش ہے کہ گاڑیوں کی بھی چیکنگ کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 1134152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش