0
Saturday 11 May 2024 12:15

کوئٹہ، بلوچستان اسمبلی کے سامنے زمینداروں کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری

کوئٹہ، بلوچستان اسمبلی کے سامنے زمینداروں کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری
اسلام ٹائمز۔ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف بلوچستان کے زمینداروں کی جانب سے گزشتہ تین روز سے بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ انہیں واپڈا کے بجائے سولر پینل سے بجلی فراہم کی جائے۔ واپڈا صرف تین گھنٹے بجلی فراہم کرتی ہے۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنماء ملک نصیر احمد شاہوانی کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں 22 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ وفاق کی جانب سے کئے گئے وعدے کے مطابق ہمیں بجلی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمیں 8 گھنٹے بجلی دی جا رہی تھی اور بل 10 ہزار روپے بھیج رہے تھے۔ اس مرتبہ ہم سے بل زیادہ وصول کیا جا رہا ہے اور بجلی صرف 3 گھنٹے دی جا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے ہٹ دھرمی دیکھائی جارہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پچھلے سال کسانوں کو صرف نوشکی میں دس ارب روپے کا نقصان پہنچا تھا۔ ہمیں سولر سسٹم پر کنورٹ کر دیا جائے، ہمیں واپڈا کی بجلی نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم پورے صوبے کو جام کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

اس سے قبل زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمٰن بازئی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بلوچستان بھر کے زمیندار طویل اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ حکومت اور کیسکو نے 6 گھنٹے مکمل وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن آج بھی زمینداروں کو زرعی فیڈروں پر 3 گھنٹے وولٹیج کی کمی بیشی کے ساتھ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ جس کی وجہ سے زمینداروں کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کی کروڑوں روپے کی فصلیں، پھلدار درخت اور باغات تباہ ہو رہے ہیں صوبے کے تمام اضلاع میں طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز صوبائی وزراء، حکومتی اور اپوزیشن اراکان نے ہمارے ساتھ مذاکرات کئے اور یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ان مسائل کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کریں گے تاکہ زمینداروں کے مسئلے کو حل کیا جاسکے۔ ہمارا احتجاج تمام زرعی فیڈروں پر 6 گھنٹے کی بلا تعطل مکمل وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی تک جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 1134276
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش