0
Saturday 18 May 2024 21:17

بی جے پی لیڈروں کی مسلم دشمنی قابل مذمت ہے، عمر عبداللہ

بی جے پی لیڈروں کی مسلم دشمنی قابل مذمت ہے، عمر عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر عمر عبداللہ نے گریز بانڈی پورہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب پارٹی کنونشن سے خطاب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اگر انتخابات میں کامیابی حاصل ہوتی ہے تو سرحدی علاقوں کی ترقی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ بانڈی پورہ کی وادی گریز میں ورکرز کنونشن کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی لیڈروں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف بیانات دیئے جارہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان بھی ملک کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں اور وہ بھی ملک میں امن اور ترقی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں سے نیشنل کانفرنس کشمیر میں ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی سے قبل جس طرح کے حالات تھے آج بھی وہیں صوررتحال ہے، ترقی کے نام پر کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، جہاں لوگوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بھی حالات خراب ہے، مذہب پر حملے ہورہے ہیں، یکساں سول کوڈ کی بات کی جارہی ہے، نمازیوں کو لات ماری جارہی ہے، مذہبی جذبات کو بھڑکایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنے سیاسی مفادات کے لئے یہ سب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سمیت بی جے پی کے دیگر لیڈروں کی وہ تقاریر سننے کے قابل نہیں ہیں جن میں ہندوؤں کو مسلمانوں کا نام لیکر دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1135956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش