اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ایران سے ترکیہ اور عراق کی طرح بغیر پابندیوں والی گیس خریدنا چاہتے ہیں جب کہ ایران سے پابندیوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ اسلام آباد میں پاکستان انرجی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ توانائی کی مناسب قیمت پر بلا تعطل فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، حکومت توانائی کی فراہمی بڑھانے کی کوشش کررہی ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے اور ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے کام کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سالانہ 18 ارب ڈالر سے زائد توانائی کی درآمدات میں لگا رہا ہے، ہم ملک میں تیل و گیس کی تلاش کا کام تیز کررہے ہیں، پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش میں سرمایہ کاری کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، تیل و گیس کی تلاش کے لیے معلومات اور اجازت ناموں کو ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے جب کہ ہم غیر ملکی کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔