0
Wednesday 22 May 2024 20:53

اب کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرائے جائیں، سیاست دانوں کا مطالبہ

اب کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرائے جائیں، سیاست دانوں کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کمشمیر کی چار پارلیمانی نشستوں پر اب تک کی متاثر کن شرح ووٹنگ کے پس منظر میں کشمیر کے مین اسٹریم سیاستداں مطالبہ کر رہے ہیں کہ یہاں جلد از جلد اسمبلی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جانا چاہیئے تاکہ لوگوں کی دادرسی ہوسکے۔ جہاں ادھم پور اور جموں کی دو سیٹوں پر ووٹنگ کی شرح پچاس فیصد سے زائد رہی وہیں وادی کشمیر کی سرینگر اور بارہمولہ نشستوں پر بھی بغیر کسی بائیکاٹ کے ووٹنگ شرح توقع سے زیادہ ہی رہی۔ سرینگر حلقے میں چالیس کے قریب جب کہ بارہمولہ نشست پر ساٹھ فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا راجیو کمار نے گذشتہ روز دہلی میں میڈیا کو بتایا کہ بارہمولہ اور سرینگر میں کامیاب انتخابات کے انعقاد سے ووٹنگ کی شرح حوصلہ افزاء رہی جس سے ہمیں اعتماد ہوا کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات جلد از جلد منعقد ہوں۔

بارہمولہ اور سرینگر نشستوں پر ووٹنگ کے اختتام کے بعد اب ساری توجہ 25 مئی کو اننت ناگ-راجوری نشست پر ہونے والے الیکشن پر مرکوز ہوگئی ہے اور سیاسی مبصرین کہتے ہیں کہ اس حلقے میں بھی لوگ بڑی تعداد میں ووٹنگ کے لئے گھروں سے باہر نکلیں گے اور قوی امکان کے ووٹنگ شرح فیصد کے سابق ریکارڈ بھی توڑے جائیں گے۔ اس شرح کو مودی حکومت نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بدلتی صورتحال سے منسلک کیا۔ تاہم مقامی سیاسی جماعتوں بالخصوص نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے مطابق یہ ووٹنگ دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف لوگوں کے غم و غصے کا جمہوری اظہار ہے۔ جموں کشمیر میں دسمبر 2014ء میں اسمبلی انتخابات منعقد کئے گئے تھے۔ ان انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے مخلوط سرکار تشکیل دی تھی۔

نیشنل کانفرنس کی یوتھ ونگ کے صوبائی صدر سلمان ساگر نے بتایا کہ جموں کشمیر میں حالات اسمبلی انتخابات کے لئے موزوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارہمولہ اور سرینگر نشستوں پر ووٹنگ کی شرح نے سرکار کو بہترین موقع فراہم کیا ہے کہ وہ یہاں اسمبلی انتخابات کے علاوہ پنچایت اور بلدیاتی انتخابات منعقد کرے۔ پی ڈی پی کے سٹیٹ سکریٹری عارف لائگرو نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اسمبلی انتخابات کے لئے تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے بی جے پی سرکار کو ہدایت دی ہے کہ رواں برس ستمبر تک جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے بی جے پی پر عدم اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا جب تک اسمبلی انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری نہ کرے تب تک بی جے پی کی جانب سے یہاں اسمبلی الیکشن منعقد کرنے کے بیانات جملہ بازی کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ : 1136840
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش